اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات،سب سے بڑی خبر آگئی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن ملتوی کر دیے گئے،جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کی استدعا مسترد،چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے فیصلہ سنایا۔دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے بلدیاتی الیکشن ملتوی ہونے پر اپنے سخت ردعمل میں کہا ہے کہ سوال یہ ہے کہ ایسی حکومت جو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے بھی اتنی خوفزدہ ہو کہ الیکشن کمیشن کو اس بیچاری حکومت کی مدد کیلئے غیر آئینی طور پر الیکشن ملتوی کرانے پڑیں وہ ملک کیسے چلائے گی؟
”پاکستان ٹائم“کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کروانے سے متعلق کیس کا فیصلہ سنا دیا۔اسلام آباد میں 31 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن ملتوی کردیے گئے۔الیکشن کمیشن میں اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کیس کی سماعت ہوئی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں دو بار حلقہ بندیاں کر چکے ہیں،پنجاب میں تیسری بار حلقہ بندی کرنا پڑ رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے خیال کیوں نہیں آیا کہ وقت پر یوسیز بڑھا لینی چاہئیں؟اب جب شیڈول کا اعلان ہوچکا ہے تو یونین کونسلز بڑھانا چاہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کمیشن کو ایک پیچیدہ صورتحال میں ڈال دیا ہے،کیا پتہ کل پھر یونین کونسل کی تعداد کم کر دی جائیں؟میئرکا انتخاب ڈائریکٹ کردیا گیا ہے،ہمارے پاس تو ان کے کاغذات نامزدگی بھی نہیں۔انہوں نے ریمارکس دیے کہ آئین کے آرٹیکل 148 میں لکھا ہے کہ لوکل قانون کے مطابق الیکشن کروانے ہیں،اب وہ قانون ہی بدل دیا جائے تو پھر کیا کیا جائے؟ہمیں صوبوں میں بھی لوکل گورنمنٹ انتخابات کے لیے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے،ایسی قانون سازی ہوکہ لوکل گورنمنٹ الیکشن اپنے وقت پرہوں۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ عوام کا مطالبہ ہے کہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات 31 دسمبر ہی کو ہونے چاہئیں،تمام امیدوران کی تیاری مکمل ہے، 27 کلو میٹر حکومت ہر سیاسی میدان میں جانے سے گھبرا رہی ہے،سندھ،پنجاب،اسلام آباد,ملک میں ہر جگہ الیکشن سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے،یہ ہیں نام نہاد جمہوری ڈرامے باز قوتیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کا حلف اٹھائیں گے،انشاءاللہ ،مارچ 2023 الیکشن کا مہینہ ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسان خاور کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر عوامی رائے کا خوف حکومت کو پاکستان میں کہیں بھی کسی بھی سطح پر انتخابات سے بھاگنے پر مجبور کر رہا ہے،اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کا التوا بظاہر الیکشن کمیشن اور حکومت کی ملی بھگت کا نتیجہ لگتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں