چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کیوں کیا؟ن لیگ میں پھوٹ پڑ گئی

لاہور(وقائع نگار خصوصی)گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے معاملے پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے بعد متعدد ن لیگی رہنما برہم ہو گئے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو ڈی نوٹیفائی کیے جانے پر مسلم لیگ ن کے بہت سے اہم رہنما لیگی اعلیٰ قیادت کے سامنے پھٹ پڑے ہیں۔لیگی رہنماوں کا موقف ہے کہ کمزور قانونی نکات پر ڈی نوٹیفائی کی سفارش سے ن لیگ کے بیانیے کو نقصان پہنچا۔اہم لیگی رہنماوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے ناقص حکمت عملی پرذمہ داروں کے تعین کا مطالبہ کردیا۔ن لیگی ذرائع کے مطابق عجلت میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کرنے سے عوامی سطح پر بھی سبکی کا سامنا ہے،بغیر منصوبہ بندی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لی گئی،ن لیگ کا موقف سیاسی اور قانونی بنیادوں پر کمزور ہوا۔

مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیں تو ہمارے پاس پلان بی موجود نہیں۔کمزور سیاسی بنیاودوں پر شش و پنج کا شکار مسلم لیگ ن فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ فائنل نہ کرسکی۔یاد رہے کہ ن لیگی رہنماوں کی جانب سے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا کہا گیا تھا،اب اہم لیگی رہنماوں نے تجویز دی ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت الگ قانونی ٹیم تشکیل دے جو صرف قانونی معاملات پر توجہ دے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں