اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں مشاورت کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا،اجلاس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے،اجلاس میں وفاقی وزرا،عسکری حکام،سیکیورٹی ایجنسیز کے افسران شریک ہوں گے۔
”پاکستان ٹائم “ کے وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات وزیراعظم ہاوس میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کل بلایا جائے گا،اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر کے سدباب پرغور ہوگا جب کہ عسکری حکام دہشتگردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے، اجلاس میں دہشت گردی کے تدارک پر بریف کیا جائے گا۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف مربوط حکمت عملی وضع کی جائےگی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آئندہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا،جس میں وفاقی وزرا،معاونینِ خصوصی اور متعلقہ اعلی حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا۔کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔وزیر اعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانوں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا،سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے، بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر شیری رحمان نے ملاقات کی اور کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔