پشاور(سٹاف رپورٹر)سابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی وزیر نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر نیا الزام لگادیا۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ عمران خان نے دو روز قبل بنوں میں میری بہن ماریہ طور پکئی کے ہسپتال پر اپنے کونسلروں کے ذریعے حملہ کروایا،حملہ آور ہسپتال سے ہمارے کروڑوں روپے کے میڈیکل آلات لے کر چلے گئے،اس معاملے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) نے بھی ہماری مدد اور تعاون کرنے سے انکار کردیا ہے،آئی جی خیبرپختونخوا ہماری بات سنیں۔عائشہ گلالئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا دراصل سری لنکا بن چکا ہے،صوبے کو کوئی قرض بھی نہیں دیتا،دوسری طرف دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے،پی ٹی آئی دہشت گردی کو سپورٹ کرتی ہے، سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ عمران خان کی سیاست پر تاحیات پابندی لگائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جو بے ہودہ پیغامات عمران خان کی طرف سے ملے وہ قوم کے سامنے لائی،میں عمران خان کی پوتی کی عمر کی ہوں،اس نے مجھے بھی نہیں چھوڑا،ان آڈیو ویڈیو لیکس کے بعد کرپٹ عمران خان نیازی کو پارٹی عہدے پر نہیں ہونا چاہیے،عمران خان میں کوئی شرم وحیاءنہیں،فحاش قوموں پر عذاب آتا ہے،عمران نیازی قوم کے سامنے اسلامی ٹچ والی تصویر کے کر پھرتا ہے لیکن اصل چہرہ میں بتا چکی ہوں،اپنے جلسوں میں پروفیشنل خواتین ڈانسر بلواتے ہیں تاکہ مرد جلسے میں زیادہ آئیں،میری عمران خان نیازی کے خلاف پریس کانفرنس کے بعد ملک میں انسداد ہراسانی کے ادارے بنے،میں نے عوام کو شعور دیا،عمران خان انتقامی فطرت رکھتا ہے۔
عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ میری باتوں کی تصدیق نعیم الحق نے کی جس کو انہوں نے ہیک اکاونٹ کہا،اب اپنی آڈیو ویڈیو لیکس آئیں تو کہتا ہے میری باتوں پر پردہ ڈالو،میں اسلامک ٹچ والی باتیں نہیں کرتی بلکہ عمل کرتی ہوں،اپنے کرائے کے سوشل میڈیا سے میری کردار کشی کی،خود نتھیا گلی میں چھپ کے بیٹھا رہا۔عائشہ گلالئی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے منہگائی کی سونامی لاکر عوام سے بدلہ لیا۔یاد رہے کہ آج سے پانچ سال قبل بھی عائشہ گلالئی نے اسی ہسپتال پر تحریک انصاف کی جانب سے حملہ کرنے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ عمران خان کے خلاف وہ ماضی میں بھی سنگین الزامات عائد کرتی رہی ہیں ۔