شیخوپورہ (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما میاں جاوید لطیف نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان
کو پھر ہوا دی جا رہی ہے،عمران خان کے خلاف کیسز کو التوا میں ڈالا جارہا ہے،لاڈلوں کا احتساب کیوں نہیں ہوسکتا؟عمران خان 2018 کی طرح سہولت کاری چاہتا ہے۔
شیخوپورہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کو2018 میں قوم پر مسلط کیا گیا اور آج بھی سہولت کاری دی جاری ہے،پہلے احتساب پھر انتخابات ہونا چاہئے،لاڈلوں کا احتساب کیوں نہیں کیا جاسکتا ؟معیشت تباہ کرنے والوں کومعاف نہیں کیا جاسکتا،اداروں میں لوگوں کو بے نقاب کرنے والے کو انقلابی کا نام دیا گیا،70 سال سے ملک سے کھلواڑ کرنے والوں کو اگر سزا دیں گے تو پاکستان کی قوم کا اعتماد بحال ہو گا،قوم متحد ہو گی،ان کرداروں کو سزا دیں گے تو دنیا بھی پاکستان پر اعتماد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انتقام کی اندھی خواہش نے ملک کو اس نہج پر پہنچا دیا، 2017 میں ترقی کرتے پاکستان میں آج کیا حالات ہیں؟ہم نے پہلے بھی ملک کو مشکلات سے نکالا،اب بھی مشکلات سے نکالیں گے،ملک کو اس حال تک پہنچانے والوں کو سزا ملنی چاہیے۔میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کا نام لینے والے پر لازم ہے کہ باکردار ہو،لازم ہے کہ خود کو مثال بنائے،جنہیں آڈیوز پر اعتراض ہے وہ فرانزک کرالیں،عمران خان خود کیوں نہیں کہتا آڈیوز جعلی ہیں؟عمران خان کو 2018 میں جو سہولت کاری میسر تھی وہ آج بھی اسی سہولت کاری کا خواہاں ہے، 2018 میں اداروں کی تعریفیں کرتا تھا،آج خلاف کیوں ہے؟۔