لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی صدارت میں پنجاب کی جامعات کے وائس چانسلرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی 20 سے زائد یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
وائس چانسلرز کے آن لائن اجلاس میں صوبے میں کالج کی سطح پر تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لائحہ عمل پر غور کے ساتھ سرکاری کالجز کو ڈویژنل سطح کی یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق سمیت دیگر اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں وائس چانسلرز نے اس امر پر اتفاق کیا کہ سرکاری کالجز کو ڈویژنل سطح کی یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق سے تعلیم کا معیار بلند ہوگا۔انہوں نے الحاق کے عمل کو ہموار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ کالجز کے معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے،ہم تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کالج سیکٹرز میں اصلاحات کو موثر بنائیں گے۔اجلاس میں الحاق شدہ کالجز میں پیش کی جانے والی تعلیم کے معیار کی نگرانی کے لیے نظام وضع کرنے پر اتفاق کے ساتھ کالج ایجوکیشن سیکٹر میں مثبت تبدیلیاں لانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
