جنرل ہسپتال میں 40 سال تک نرسنگ کے شعبے سے وابستہ انور سلطانہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد،شاندار خراج تحسین

لاہور(ہیلتھ رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ میڈیکل کا شعبہ نرسنگ کے بغیر کسی طور پر مکمل نہیں ہوتا،مریضوں کے علاج معالجے، تیمارداری اور انہیں شفا سے ہمکنار کرنے میں ڈاکٹرز کے علاوہ نرسز کا کردار بھی مساوی اہمیت کا حامل ہے جبکہ ڈینگی اور کورونا وبا کے دوران بھی نرسز نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر مریضوں کے لئے شاندار خدمات سر انجام دیں جن کا اعتراف قومی بین الاقوامی سطح پر بھی کیا گیا،لاہور جنرل ہسپتال کی نرسز اس معاملے میں ہمیشہ صف اول میں نظر آئیں ہیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت کر کے اپنے شعبے کے پرچم کو بلند رکھا۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے چالیس سال تک خدمات سر انجام دے کر سکبدوش ہونے والی نرسنگ آفیسر انور سلطانہ کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رمضان بی بی،رانا پرویز، خالدہ تبسم،تسلیم مصطفی،نسیم خالق،فضیلت،ندرت مختار،صدف رفیق، عظمیٰ یاسین سمیت نرسز کی بڑی تعداد موجود تھی۔رمضان بی بی نے کہا کہ نرسز کی ذمہ داریاں چیلنج کا درجہ رکھتی ہیں تاہم اس مشکل شعبے کو اختیار کرنے والی نرسز یا خواتین دکھی انسانیت کی خدمت کر کے دونوں جہانوں میں سرخرو ہوتی ہیں۔نرسنگ سٹاف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ نے ہر مشکل وقت میں رہنمائی کی اور وہ ذاتی طور پر پیش پیش رہتی تھیں۔اس موقع پر مقررین نے انور سلطانہ کی خدمات کو سراہا جبکہ انور سلطانہ نے تقریب کے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1980میں نشتر میڈیکل کالج سے نرسنگ کی تعلیم و تربیت مکمل کی اور ملازمت کا آغاز کیا اور جنرل ہسپتال سے باعزت ریٹائرمنٹ باعث اعزاز ہے۔انور سلطانہ کا مزید کہنا تھا کہ پرنسپل نشتر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر حیات ظفر ہمیشہ ہیلتھ پروفیشنلز کو مریضوں کی دیکھ بھال کا درس دیتے تھے اور ان کا ایک ہی ویژن تھا کہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز مقدم نہیں لہذا نگہداشت کے ساتھ ساتھ مریضوں کو صحت یاب ہونے کی تسلی دے کر ان کا حوصلہ بڑھایا کریں۔انہوں نے کہا کہ آج میں ان کے صاحبزادے پرنسپل پی جی ایم آئی،اے ایم سی،ا یل جی ایچ پروفیسر الفرید ظفر کے ادارے سے سکبدوش ہو رہی ہوں۔انور سلطانہ کے اس انکشاف پر نرسنگ سٹاف نے خوشی کا اظہار کیا اور تالیاں بجائے۔تقریب کے اختتام پر نرسنگ سٹاف نے انور سلطانہ کے مستقبل کے لئے دعائیں کیں اور پھول و تحائف دے کر رخصت کیا جبکہ ان کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔تقریب میں شرکت کرنے والوں میں وکٹری شاد،عائشہ نیامت،شہناز خالد،صباءپرویز،انعم،صبا اشفاق،فرحت منظور،فرحانہ، جمیلہ و دیگر موجود تھیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں