پاکستان کے زر مبادلہ زخائر کتنے ہیں؟اسحاق ڈار نے اصل حقیقت بتا دی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 4 نہیں بلکہ 10 ارب ڈالرہیں اور کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹراسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پر واجب الادا قرض وقت پر واپس کر رہے ہیں اور ملک کے زرمبادلہ ذخائر بہت جلد دوبارہ مستحکم ہوں گے۔عالمی مالیاتی فنڈ کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا،جنیوا میں بھی آئی ایم ایف حکام سے ملاقات ہوگی جبکہ سعودی عرب سمیت دوست ممالک سے فنڈز جلد پاکستان کو منتقل ہوں گے۔یاد رہے کہ میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 30 دسمبر 2022 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 5.576 ارب ڈالر کے ساتھ8 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں،گرتے ہوئے ذخائر نے پہلے ہی امریکی ڈالر اور دیگر بڑی کرنسیوں کے مقابلے مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کردی ہے اور سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر جنوری 2022 میں 16.6 ارب ڈالر تھے جو 11 ارب ڈالر کمی کے بعد اب 5.6 ارب ڈالر رہ گئے ہیں،گزشتہ ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے کل ذخائر 11.4 ارب ڈالر تھے جن میں کمرشل بینکوں کے 5.8 ارب ڈالر بھی شامل ہیں۔
دوسری طرف مالیاتی شعبے نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام لانے کی کوششیں بند کریں جوکہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کی جانب سے ایک ارب 12 کروڑ ڈالر قرض کی قسط کے اجرا کے لیے تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی اہم شرائط میں شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں