لاہور(سیاسی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سابق رہنما اور ماضی میں عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی عون چوہدری پی ٹی آئی کے مقابلے میں نئی سیاسی جماعت بنانے کے حوالے سے میڈیا میں نشر ہونے والی خبروں کی وضاحت کرنے کے لئے میدان میں کود پڑے ہیں ۔
پاکستان ٹائم کے مطابق جہانگیر خان ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چودھری نے نئی پارٹی بنانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیر ترین، علیم خان یا چودھری سرور کوئی نئی جماعت نہیں بنا رہے،ہم اس وقت حکومت کا حصہ ہیں اور حکومت کے ساتھ ہی کھڑے ہیں۔عون چودھری نے کہاکہ ترین گروپ مسلم لیگ ن کا اتحادی ہے اور رہے گا، ہم الگ سے کوئی نئی جماعت نہیں بنا رہے ہیں ،ہم اس وقت مسلم لیگ ن کے ساتھ حکومت میں اتحادی ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل عبد العلیم خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ان کا سیاست میں فعال ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، بلا تفریق خدمت اور رفاہی کاموں کیلئے فاونڈیشن کی سرپرستی کر رہا ہوں، کسی بھی سیاسی جماعت کا حصہ ہوں اور نہ ہی بننے کا ارادہ ہے، ابھی ساری توجہ فلاحی کاموں پر ہے، سیاسی معاملات سے علیحدہ ہوں۔عبدالعلیم خان کے مطابق چوہدری سرور اور جہانگیر ترین سے اچھا تعلق ہے مگر سیاست کا ارادہ نہیں، نئی سیاسی جماعت کا قیام اور اس میں میری شمولیت کی خبروں میں صداقت نہیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/aon-Ch-640x480.jpg)