چوہدری شجاعت حسین کا پنجاب اسمبلی بارے بڑا دعویٰ ،پی ڈی ایم میں خوشی کی لہر


لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (قائد اعظم) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ بھی ہو پنجاب اسمبلی نہیں ٹوٹے گی، جنرل الیکشن دور دور تک نظر نہیں آ رہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق چوہدری شجاعت حسین سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے تفصیلی ملاقات کی۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور مولانا فضل الرحمان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتِ حال اور پنجاب میں پیدا سیاسی بحران پر گفتگو ہوئی۔سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) عمران خان نے ملک میں گالی کلچر کو فروغ دیا، جبکہ چودھری شجاعت حسین کا سیاست میں نام رواداری اور رکھ رکھاو کا ہے۔مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی ہو پنجاب اسمبلی نہیں ٹوٹے گی، جنرل الیکشن دور دور تک نظر نہیں آ رہے۔چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاءمہنگی ہونے پر ایکشن لیں، تمام لیڈران اپنی اپنی بولی بولنے کی بجائے اکٹھے ہو کر ملکی مسائل حل کریں ،تمام سیاستدان اکٹھے ہوکر صرف ایک ایجنڈے مہنگائی کو ختم کرنے پر کام کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں