اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو کبھی حکومتیں نہیں ملیں ہمیشہ ذمے داری ملی، ملک میں گندم کی کمی نہیں ہے، پنجاب میں گندم کے گودام بھرے ہوئے ہیں، پنجاب کے تاجر اپنے گودام بھر رہے ہیں اور غریب کا نوالہ چھین رہے ہیں، لوگ ہاتھوں میں پیسے لیے آٹا ڈھونڈ رہے ہیں،آج گوداموں میں گندم بھری پڑی ہے مگر بحران کو ختم نہیں کیا جا رہا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق لاہور میں تقریب سے خطاب میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج بھی بیروزگاری ہے اور مہنگائی سے لوگوں کا برا حال ہے، ایسی صورتحال میں دنیا کی مہنگی ترین سو کے قریب گاڑیاں پاکستان کیلئے بک کی گئی ہیں،پیپلز پارٹی کو کبھی حکومت نہیں ملی، ذمہ داریاں ملتی ہیں، آج بھی پیپلز پارٹی ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتی ہے، انسان آتے اور جاتے ہیں تاریخ بتاتی ہے کہ کون کتنا بڑا شخص تھا ،
پیپلز پارٹی کو کبھی حکومتیں نہیں ملیں، ہمیں ذمہ داریاں ملتی ہے، پی پی کی حکومت ملک کو بحران سے نکالنے کے لئے آتی ہے۔
قمر زمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گندم کی قلت نہیں تو بحران کیوں ہے؟ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے بل سے باہر آئیں اور دیکھیں کیوں آٹے کا بحران ہے؟ ملک کے تاجر کو سپورٹ کریں گے جو پاکستان کےلیے بہتر ہوگا، کرپٹ تاجروں کا ساتھ نہیں دیں گے، جو پاکستان اور عوام کو لوٹ رہی ہے، ملک کو مشکل حالات سے نکالنا پیپلز پارٹی کا ورثہ ہے، ہم نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو مضبوط کیا، آج پھر ہمارے اداروں میں مافیاز موجود ہیں، آج یہ عالم ہے کہ نوجوان پریشان ہے، نوکریاں نہیں ہیں، ہم کسی کےخلاف نہیں مگر ناجائز کام کو سپورٹ نہیں کرتے ہیں، پیپلز پارٹی تعلیم، صحت کے نظام کو مفت کرکے دکھائے گی۔
انہوں نے استفسار کیا کہ خان صاحب 3 ماہ سے گھر میں بیٹھے ہیں، کون سی گولی لگ گئی ہے؟پی ٹی آئی چیئرمین! ہم تمہارے خلاف نہیں تمہارے نظریے کے خلاف ہیں، ہم لوٹے بنانے والے نہیں، نہ ہی جماعت توڑنے والے ہیں، چار سال حکومت میں رہے ہو مگر کیا کیا؟ عمران خان عوام پوچھ رہی ہیں کہ تم نے کتنے گھر دیے؟۔
