کابل میں خوفناک دھماکہ ،25افراد جاں بحق

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغان دارالحکومت کابل میں وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے خود کش دھماکے میں 25 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں ایک خودکش بمبار نے خود کو وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے دھماکے سے اڑالیا، واقعے میں 25 کے قریب افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔افغان وزارت اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے افغان وزارت خارجہ کی عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی،سیکیورٹی اہلکاروں نے اسے روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز کئی کلو میٹر دور تک سنائی دی،دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاش شروع کردی ہے جبکہ امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

افغان پولیس ترجمان خالد زادران نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق شام 4 بجے کے قریب ہوا۔یاد رہے کہ افغان انتظامیہ کو داعش کے عسکریت پسندوں کی جانب سے بغاوت کا سامنا ہے،جنہوں نے حالیہ مہینوں میں روسی،پاکستانی سفارت خانوں اور سابق وزیر اعظم کے دفتر سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔طالبان کے زیر انتظام امور خارجہ اور داخلہ کے ترجمانوں نے فی الحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں