کراچی(کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو سندھ ہائیکورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا،عدالت نے کراچی کے 3 تھانوں میں شہباز گل کے خلاف درج مقدمات ختم کردیے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں 2رکنی بینچ نےقومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے معاملے پر ڈاکٹر شہباز گل کی درخواست کی سماعت کی،پولیس نے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جس کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف تھانہ برگیڈ،رضویہ اور سرجانی ٹاون پولیس سٹیشن میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔پولیس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف درج 3مقدمات کو سی کلاس کرنے سے متعلق رپورٹ مجسٹریٹ کے پاس جمع کرائی جائے گی۔سندھ ہائیکورٹ نے پولیس رپورٹ کے بعد شہباز گل کی درخواست نمٹا دی۔
پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاون،برگیڈ اور رضویہ پولیس سٹیشن میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں مقدمہ درج ہوچکا ہے،صغرا بائی کیس کی روشنی میں ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔