لاہور(وقائع نگارخصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے عدم اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط کردیئے ہیں۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ پرویز الٰہی عمران خان سے ملاقات کیلئے آئے ہیں،جنہوں نے اسمبلی تحلیل کردی ہے،پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی ایڈوائس پر دستخط کرکے گورنر بلیغ الرحمان کو بھجوا دی ہے،گورنر نے 2 دن میں اسمبلی نہ توڑی تو یہ خود بخود ٹوٹ جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی اور ق لیگ کے رہنماوں کا شکر گزار ہوں،خیبر پختونخوا اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے گا جب کہ 90 دن میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن ہوں گے۔اس سے قبل عمران خان کی زیر صدارت ڈیویژنل کوآرڈینیٹرز اور پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے کل امپورٹڈ ٹولے کو تاریخی سرپرائز دیا، ٹیم شاباش کی مستحق ہے، اراکین نے کروڑوں کی آفرز، دھمکیوں کو بالائے طاق رکھ کر ووٹ ڈالا، کل بھی کہا تھا ریڈ لائن اللہ تعالی کی ذات اور عوام ہی لگاتی اور ہٹاتی ہے۔ عمران خان نے اراکین اسمبلی کو الیکشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہم فوری اسمبلی توڑ کر الیکشن میں جائیں گے۔
