بلدیاتی انتخابات کا انعقاد،الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت آمنے سامنے

کراچی(وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتا اور نہ ہی سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت کرسکتی ہے، عوام کے لئے پہلی الیکٹریکل بس چلا رہے ہیں،کسی شہر میں الیکٹریکل بسیں نہیں چلائی جاتیں۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق حکومت سندھ کے ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیپلز الیکٹرک بس سروس کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ الیکشن روکنے کا نوٹیفکیشن نکالنے کا اختیارسندھ حکومت کا ہے الیکشن روکنے کیلئے نوٹیفکیشن واپس لینے کا اختیار بھی سندھ حکومت کے پاس ہے،الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتا،سندھ حکومت بھی الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کرسکتی،ہماری پولیس سیلاب زدگان کی امداد میں مصروف ہے،کل آئینی اختیار استعمال کر کے نوٹیفکیشن استعمال کیا تھا،سندھ کے کچھ علاقوں میں اب بھی سیلابی پانی موجود ہے اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کیسے ووٹ ڈالیں گے؟۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک بس ماحول دوست ہیں،جو کراچی کے شہریوں کےلئے تحفہ ہیں،سندھ حکومت پورے صوبے میں ٹرانسپورٹ کی بہترسروس دے رہی ہے،پیپلز بس سروس بھی کامیابی سے چل رہی ہے جبکہ ائیرپورٹ جانیوالے مسافر بھی الیکٹرک بس استعمال کرسکتے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ سکھر میں بھی بس سروس کا آغاز کیا جارہا ہے،الزامات لگانے والوں نے عوام کیلئے کیا کیا ہے؟پیپلزپارٹی سمجھتی ہے کہ عوام کی خدمت ہی سب کچھ ہے،پیپلزپارٹی کا رشتہ عوام سے ہے،عوام جانتی ہے کہ پیپلزپارٹی ہی عوام کوریلیف دیتی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے حکومت سندھ کی جانب سے 15 جنوری کو کراچی،حیدرآباد اور دادو میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں