اسلام آباد(وقائع نگار)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ساری زندگی بھیک مانگتے ہوئے گزاری، شوکت ترین پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ میں پاکستان کا وزیر خارجہ ہوں اور اگر میرے ملک کے بارے میں کوئی غلط بات کرئے گا تو یہ میری ذمہ داری ہے کے میں اپنے ملک کا دفاع کروں، پاکستان کے بارے میں دنیا کا تصور حقیقت سے ہٹ کر ہے، جس کو درست کرنے کیلئے محنت کرنا ہوگی، اس ہی لیے جب سے وزیر خارجہ بنا جہاں بھی جاتا ہوں وہاں کے آفیشل سے ملکر کر ان کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کرتا ہوں، ایک ہوتا ہے سیاسی انٹرسٹ اور ایک ہوتا ہے نیشنل انٹرسٹ، عمران خان نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی،جب پاکستان سیلاب میں ڈوبا ہوا تھا تو خان صاحب جی ٹی روڈ کی سیاست میں مصروف تھے، پوری دنیا ہماری مدد کیلئے پہنچی مگر خان صاحب کی پاکستانی ہونے کے باوجود ترجیح یہ تھی کہ میں نے سیاست کرنی ہے، دھرنا دینا ہے اور جلاو¿ گھیراو¿ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب سے میں نے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالا تب سے ہی کہہ رہا ہوں کہ ہمیں ایڈ نہیں ٹریڈ چاہیئے، مگر حالیہ سیلابی صورتحال میں یہ ضروری تھا کہ دنیا کے ساتھ ملکر اس کا مقابلہ کیا جائے؟ سیلاب نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، پاکستان کے جی ڈی پی کا 10 فیصد سیلاب میں برباد ہو گیا، سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبا ہوا تھا، پاکستان اکیلا سیلاب متاثرین کی بحالی نہیں کر سکتا، ہمدرد اور دوست ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر ملنا کوئی مذاق نہیں ہے، سفارتکاری کی کامیابی ہے، جنیوا کانفرنس پاکستان کیلئے بہت اہم اور کامیاب رہی، پاکستان کے آئسولیٹ ہونے کا بیانیہ دفن ہو گیا۔