72مسافروں کو لے کر اڑان بھرنے والا جہاز گر کر تباہ

کھٹمنڈو(مانیٹرنگ ڈیسک)نیپال کے پوخارہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوگیا،بدقسمت جہاز میں عملے سمیت 72 افراد سوار تھے،حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 40 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کھٹمنڈو سے سیاحتی شہر پوکھرا جانے والی نیپال کی ییٹی ایئرلائنز کی پرواز لینڈنگ کے وقت گر کر تباہ ہو گئی جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی۔جہاز میں 68 مسافر سوار تھے جن میں کم از کم 15 غیر ملکی شہری اور عملے کے 4 ارکان شامل تھے۔اطلاعات کے مطابق طیارے میں سوار مسافروں میں سے 53 نیپالی تھے، 5 بھارتی، 4 روسی اور 2 کوریائی مسافر سوار تھے جبکہ آئرلینڈ،آسٹریلیا،ارجنٹینا اور فرانس سے بھی ایک ایک مسافر سوار تھا۔میڈیا کے مطابق ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ ائیرپورٹ کو فی الحال بند کردیا گیا ہے،تقریباً 200 نیپالی فوجی ہوائی اڈے سے صرف ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے سیٹی کی گھاٹی میں جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل نے اپنی کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا اور ریاستی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہوجائیں۔
نیپال کی فضائی صنعت نے حالیہ برسوں میں عروج حاصل کیا ہے،یہ طیارے سامان سمیت غیرملکی ٹریکرز،کوہ پیماوں اور دیگر مسافروں کو ایسے علاقوں تک لے کر جاتے ہیں جہاں تک زمینی رسائی مشکل ہوتی ہے تاہم یہ ناکافی تربیت اور ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے حفاظتی مسائل سے دوچار ہے،یورپی یونین نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر تمام نیپالی جہازوں پر اپنی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی میں نیپالی ائیرلائن تارا ایئر کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا اور 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں