کراچی(سٹاف رپورٹر)کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے لگائے جانے والے کیمپوں میں آگ لگ گئی۔
لانڈھی نمبر 6 یونین کونسل 3 کے وارڈ نمبر4 میں لگنے والی آگ سے تین سیاسی جماعتوں کے کیمپس متاثر ہوئے جن کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ نامعلوم افراد کی لگائی گئی آگ سے ان کے کیمپوں کو نقصان پہنچا،آگ ممکنہ طور پر رات کو کھلے آسمان تلے بیٹھنے والے نشے کے عادی حضرات سے لگی جس کی نوعیت خاصی معمولی تھی۔آگ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا اور اس پر جلد قابو پا لیا گیا تھا۔
اس سے قبل کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری ہے تاہم انتخابی عمل کے دوران مختلف بے ضابطگیاں بھی دیکھنے میں آرہی ہیں،کہیں ڈنڈے چل گئے تو کہیں پولنگ کا عمل ہی روک دیا گیا،کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے 16 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی،جو بغیر کسی وقفے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
دوسری طرف ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد ٹاون میں نقاب پوش افراد پولنگ سٹیشن میں گھس گئے۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے کارکن کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد نے پولنگ عملے اور(آر او) کو ہراساں کیا۔نامعلوم افراد کی جانب سے سامان میں چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی جبکہ نامعلوم افراد پیپلزپارٹی کی جھنڈا لگی گاڑیوں پر سوار تھے۔