’65سال عمر ،کینسر کا مریض ،سیل کیسے توڑ سکتا ہوں ‘فردوس شمیم نقوی کی معنی خیز وضاحت آگئی

کراچی(سٹاف رپورٹر)پولنگ سٹیشن میں بیلٹ باکس کی سیل کھولنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما فردوس شمیم نقوی کا موقف سامنے آگیا۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے کینسر ہے، 65 سال کا ہوں،سیل کیسے توڑ سکتا ہوں، میں نے تو صرف یہ بتایا تھا کہ اس طرح ڈبوں پر سیل لگائی جاتی ہے،سیل ٹائٹ نہیں تھی،میں نے کھول کر دوبارہ ٹائٹ کی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے کسی نے روکنے کی کوشش نہیں کی،انتخابی عملے کے سامنے بیلٹ باکس کھولے اور بیلٹ باکس کی سیل درست نہیں تھی،سیل کیسے لگائی جاتی ہے؟یہ سکھانے کیلئے سیل کھولی تھی۔فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ بیشتر بیلٹ باکس کی سیل کھلی ہوئی ہیں،پریزائڈنگ آفیسر بے چارے دانتوں سے کھینچ کر ٹائٹ کررہے ہیں،میں اپنے ساتھ اوزار لے کر گھوم رہا ہوں،انکی مدد کر رہا ہوں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما کے اس اقدام کے خلاف پیپلز پارٹی کے الیکشن سیل کی جانب سے الیکشن کمیشن پاکستان کو شکایت لکھ دی گئی ہے۔سینیٹر تاج حیدر نے تحریر کیا کہ فردوس شمیم نقوی کی الیکشن کوڈ آف کنڈٹ کی خلاف ورزی کی فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں انہیں بیلٹ باکس کھولتے دیکھا جا سکتا ہے۔پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن بلاتاخیر نوٹس لیکر فردوس شمیم نقوی کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کراچی کے علاقے سولجر بازار کے وارڈ 1 میں گھس کر بیلٹ باکس کی سیلیں توڑیں تھیں۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس شمیم نقوی اپنے ہاتھوں سے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑ رہے ہیں،اس دوران الیکشن کمیشن کا عملہ انہیں روکتا بھی رہا تاہم وہ بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے میں مصروف رہے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ممبر صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لے لیا ہے۔الیکشن کمیشن نے ممبر صوبائی اسمبلی کو پولنگ سٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیرقانونی حرکت اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں