کراچی(سٹاف رپورٹر/نمائندگان)کراچی اور حیدرآباد کے 16 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے اور متعدد یوسیز کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں ۔
’پاکستان ٹائم ‘کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کاعمل ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے،شہر قائد کی مختلف یوسیز سے نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے،سب سے بڑے شہر کراچی میں 1230 میں سے 1200 نشستوں پر ووٹوں کی گنتی ہو رہی ہے۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ناظم آباد اور گلشن اقبال کی 12 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو برتری حاصل ہے،لیاری،بلدیہ اور ابراہیم حیدری کی 10 نشستوں پر پیپلز پارٹی آگے ہے،نارتھ ناظم آباد اور گلشن اقبال ٹاون کی چھ نشستوں پر جماعت اسلامی کو برتری حاصل ہے۔لیاری میں یوسی 11 ،وارڈ 4،پولنگ سٹیشن نمبر 1 کے غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق پیپلزپارٹی 72 ووٹ لےکر آگے جبکہ پی ٹی آئی کو 54 ووٹ ملے۔
دوسری طرف سیہون شریف میں ٹاون کمیٹی بھان سعید آباد کے تمام آٹھ وارڈز پر پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔حیدر آباد کے یوسی 15،وارڈ 2 کے غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی 61 ووٹ لے کر آگے،آزاد امیدوار کو 21 ووٹ ملے۔ٹاون کمیٹی بھان سعید آباد،وارڈ 6 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج،پیپلز پارٹی امیدوار 212 ووٹ لیکر آگے،سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کو 91 ووٹ ملے۔میونسپل کمیٹی جوہی،وارڈ 2 کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ،پیپلزپارٹی 760 ووٹ لے کر آگے،سندھ یونائیٹڈ پارٹی کو69 ووٹ ملے۔میونسپل کمیٹی دادو کے وارڈ نمبر 8 کے غیرحتمی نتائج،تحریک انصاف کے وقار لاشاری 214 ووٹ لے کر کامیاب،پیپلزپارٹی کے بشیر الدین قریشی 180ووٹ لے ملے۔ٹھٹھہ ٹاون کمیٹی مکلی کے وارڈ 5 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سید فدا حسین شاہ 270 ووٹ لے کر آگے جبکہ جماعت اسلامی کے محمد علی خٹک 34 ووٹ لے کر دوسرے نمبرپر رہے۔بلدیاتی انتخابات میٹروپولیٹن کارپوریشن،میونسپل کارپوریشن،ٹاون میونسپل کمیٹیوں،ضلع کونسلوں،یونین کونسلوں اور وارڈز کی نشستوں پر ہوئے۔کراچی میں کسی بھی جماعت کو میئر منتخب کرنے کے لئے سادہ اکثریت یعنی 124 یوسیز پر کامیابی حاصل کرنا ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کے حساب سے شام چھ بجے سے پہلے رزلٹس جاری نہیں کئے جاسکتے لیکن اگر کوئی پولنگ سٹیشن شام 5 بجے کے فوراً بعد گنتی شروع کر دیتا ہے،تو آپ اس عمل کو کور کرنے والے ٹی وی چینلز پر الیکشن کمیشن کے ضابطے کی وجہ سے شام 6 بجے کے بعد ہی پہلا نتیجہ دکھایا جا سکتا ہے۔الیکشن کمیشن کی ترجمان کے مطابق قومی اور صوبائی انتخابات کے لیے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم(آر ایم ایس)کا استعمال کرتا ہے لیکن انتخابی ادارہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے لیے آر ایم ایس کا استعمال نہیں کرے گا۔نتائج کا اعلان پر یزائیڈنگ افسران کریں گے۔