کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی کی میئر شپ کے لیے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے اتحاد نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی کے طور پر سامنے آئی ہے،شہر میں اپنا میئر لانے کے لیے رابطے کریں گے،تحریک انصاف کو چھوڑ کر باقی تمام جماعتوں سے بات ہو سکتی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی رہنما سعید غنی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں ثابت ہوا کہ سابقہ جنرل انتخابات میں ڈاکا ڈالا گیا تھا،پیپلز پارٹی کراچی سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستیں بھی جیتے گی،پی ٹی آئی کے دماغ سے خناس نکل گیا کہ کراچی ان کا ہے،یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلز پارٹی پہلی بار جیتی،اچانک جیتنے کی باتیں کرنے والوں پر حیرانی ہے،کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کو بری طرح سے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئر شپ کے لیے تحریک انصاف سے الائنس نہیں ہو گا،جماعت اسلامی سمیت سب سے بات کریں گے، میئر کے لیے نمبرز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے،جماعت اسلامی پیپلز پارٹی سے تھوڑا ہی پیچھے ہے،مجموعی طور پر جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کی سیٹوں کا واضح نمبر بنتا ہے،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی ہو سکتا ہے مل کر حکومت بنا لیں،ہمارا اندازہ ہے کہ دیگر جماعتوں کے 20 امیدوار بھی جیتے ہیں،ابھی کچھ نشستوں پر الیکشن ہونا باقی ہے،مخصوص نشستیں بھی ہمیں زیادہ ملیں گی،پیپلز پارٹی نے کراچی سے 100 کے قریب یوسیز میں کامیابی حاصل کرلی ہے،مکمل نتائج کا انتظار ہے۔
صدر ٹاون کی یوسی 11 سے پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست کھانے والے پی ٹی آئی کراچی کے صدر سے متعلق سعید غنی کا کہنا تھا کہ خرم شیر زمان شہر کے میئر بنے بیٹھے تھے،خرم شیر زمان کو ہمارے ایک کارکن نے شکست دی،پی ٹی آئی کے میئر کے امیدوار اپنی سیٹوں سے بھی نہیں جیت سکے،خواہش تھی کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیتی،ایم کیو ایم کا حق ہے کہ احتجاج کرے،بیانات دیں لیکن جو جیت کر آئے ہیں وہ مدت پوری کریں گے اور عوام کی خدمت بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی پولنگ مکمل ہونے کے تقریباً ایک دن بعد الیکشن کمیشن کی طرف سے صرف 95 یونین کونسلز کے غیر حتمی نتائج جاری کیے گئے ہیں جس میں پیپلز پارٹی کو برتری حاصل ہے۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ غیرحتمی نتائج کے مطابق 95 یونین کونسلز میں سے پیپلز پارٹی(پی پی پی) 51 سیٹوں پر کامیاب ہو کر پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) 21 نسشتوں کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی 19 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ایک،ایک نشست پر جمیعت علمائے اسلام ف،تحریک لبیک پاکستان اور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔