شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے پہلے ہی سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کو جھٹکا دے دیا

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے سے پہلے ہی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا دے دیا ،عمران خان سوچتے ہی رہ گئے ،الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ۔

’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرلئے،الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔الیکشن کمیشن نے استعفے منظور کئے جانے کے بعد مراد سعید،عمر ایوب،اسد قیصر،پرویز خٹک،عمران خٹک،شہریار آفریدی،علی امین گنڈا پور اور نورالحق قادری کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔اس کے علاوہ علی نواز اعوان،اسد عمر،راجہ خرم نواز،صداقت علی خان،غلام سرور،شیخ رشید،شیخ راشد شفیق،منصور حیات خان،فوادچوہدری،حماد اظہر،ثنا اللہ مستی خیل،شفقت محمود،عامر ڈوگر اور شاہ محمودقریشی بھی ڈی نوٹیفائی کردئیے گئے۔الیکشن کمیشن نے زرتاج گل،فہیم خان،سیف الرحمان،عالمگیر خان، علی زیدی،آفتاب صدیقی،عطا اللہ،آفتاب جہانگیر،اسلم خان،نجیب ہارون اور قاسم سوری کو بھی ڈی نوٹیفائی کردیا۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب عالیہ حمزہ ملک اور کنول شوزب کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے۔
واضح رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی نے واضح اور دوٹوک انداز میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کے اراکین کے اجتماعی استعفے قبول نہیں کئے جائیں گے،انہیں سپیکر کے سامنے انفرادی حیثیت میں پیش ہونا ہو گا،دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وزیر دفاع خواجہ آصف،دیگر وزراء اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کے رہنماء پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس آنے کا کہتے رہے اور کہا کہ قومی اسمبلی میں واپسی پر تحریک انصاف کے اراکین کو خوش آمدید کہا جائے گا۔جس کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے واضح اشارہ دیا تھا کہ ان کی قومی اسمبلی میں واپسی ہو سکتی ہے جبکہ اس سلسلہ میں تیاری بھی کی جا رہی تھی جبکہ پارٹی اراکین نے اس حوالے سے مکمل اختیار عمران خان کو دیدیا تھا۔اسی متعلق فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ قومی اسمبلی میں واپسی کے بعد پارلیمانی لیڈر،قائد حزب اختلاف اور چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی کے عہدے پی ٹی آئی کو ملیں گے،جس کیلئے پرویز خٹک کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکومت کے خاتمے کے فوری بعد قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیدیا تھا، قائم مقام سپیکر قاسم سوری نے استعفے منظور کرلئے تھے تاہم پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے نئے سپیکر راجا پرویز اشرف نے استعفوں کی دوبارہ جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں