لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کا بنایا ہوا وزیر اعلیٰ چلنے نہیں دیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی نیت اور سوچ کا علم ہے،الیکشن کمیشن تو روزانہ عمران خان کے خلاف کیسز بنا رہے ہیں،چیف الیکشن کمشنر کے بنائے گئے وزیر اعلیٰ کو چلنے نہیں دیں گے اور چیف الیکشن کمشنر کے بنائے وزیر اعلیٰ کے خلاف عدالت جائیں گے،دشمن کی غلطی کو روکا نہیں کرتے بلکہ اسی میں اس کو ڈوبنے دیں گے۔چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ انتخابات جب بھی ہوں گے ہم مقابلہ کریں گے،ہم خود اسمبلیاں توڑ کر بیٹھے ہیں اب انتخابات ہوں گے تو ہم آگے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد عمران خان بڑے لیڈر ہیں جبکہ شریف خاندان صبح اٹھ کر رات تک جھوٹ بولتے ہیں،پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان غلطی کرتے ہیں تو ہم روکتے ہیں،دشمن غلطی کرے تو اسے نہیں روکنا چاہیے خود ہی ڈوبیں گے،سیاست میں حلقہ نہیں ہوتا بلکہ صوبہ یا پاکستان ہوتا ہے،گجرات کے بڑے ہسپتال کے لیے سامان جا رہا تھا جسے ن لیگیوں نے برباد کیا۔اس سے قبل ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں حرمت قرآن کریم پورٹل کا افتتاح کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے قرآن بورڈ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا خصوصی سیل بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حرمت قرآن کریم پورٹل آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ٹیکنالوجی کے تحت کام کرے گا،پورٹل ویب سائٹس پر موجود قرآن کریم سے متعلق جعلی مواد کی نشاندہی کرے گا،حرمت قرآنِ کریم پورٹل قرآن بورڈ اور متعلقہ اداروں کو ویب سائٹس پر قرآن سے متعلق منفی مواد کے بارے میں الرٹ جاری کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ قرآن پورٹل متعلقہ اداروں کو متنازعہ مواد بلاک کرنے اور ایسا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے الرٹ بھی جاری کرے گا،حرمت قرآن کریم پورٹل کے ذریعے مذموم حرکتیں کرنیوالوں کی ویب سائٹس کو بلاک کیا جاسکے گا،سسٹم کی مدد سے پبلشرز اور ای پبلشرز کی رجسٹریشن اور مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی،قرآن پورٹل کو بنانے میں دو ماہ کا وقت لگے گا،یہ ٹیکنالوجی سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بھی دیں گے۔
وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے حرمت قرآن پورٹل کو لانچ کرنے پر سابق معاون خصوصی انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ارسلان خالد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ارسلان خالد کی سربراہی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے جدید ٹیکنالوجی تک عام آدمی کی رسائی کو یقینی بنایا ہے،ڈاکٹر ارسلان خالد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔اس موقع پر قائم مقام چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے پورٹل کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی،تقریب میں چودھری راسخ الٰہی،ہمیش خان،یوسف بادوزئی،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری اوقاف،سپشل سیکرٹری خزانہ،سیکرٹری،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف،ڈاکٹر علامہ عبد الغفور راشد،مولانا محمد حسین اکبر،ڈاکٹر طاہر رضا بخاری،عمر دراز اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/CMP2-640x480.jpg)