اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ استعفے منظور کروں یا نہ کروں دونوں صورتوں میں ہی شور مچ جاتا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کا وفد مجھ سے ملنے آیا اور میں نے ان ارکان کے استعفے منظور کیے جو مجھ سے ملے اور جنہوں نے میڈیا پر استعفوں کا کہا۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے مجھے اطمینان کرایا میں نے صرف ان کے استعفے منظور کیے اور بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کر کے کہا ہے کہ وہ ابھی سوچ رہے ہیں۔ جب استعفے منظور کرتا ہوں تو بھی شور مچ جاتا ہے اور نہیں کرتا تو بھی شور مچ جاتا ہے۔ایک صحافی نے راجا پرویز اشرف سے سوال کیا کہ عمران خان نے واپسی کاعندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کر لیے ؟ جس پر راجا پرویز اشرف نے جواب دیا کہ ایسی بات نہیں ہے کیونکہ جب پی ٹی آئی کا وفد آیا تو منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا، میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے وہ اسمبلی میں آئیں۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/326091832_905629477294083_6490399796178920906_n-1200x480.jpg)