لاہور(سٹاف رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لئے قائم کی گئی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی ’باہر ‘ آگئی۔
’پاکستان ٹائم‘ کے مطابق اجلاس میں حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے ایک ایک نام مسترد کر دیا گیا ہے، اپوزیشن نے اعتراض اٹھایا کہ احمد نوازسکھیرا سرکاری ملازم ہیں وہ اس عہدے کے اہل نہیں۔اجلاس میں حکومتی کمیٹی نے اعتراض کیا کہ احد چیمہ پر کرپشن کے کیسز ہیں انہیں کیسے وزیراعلیٰ بنایا جاسکتا ہے؟۔حکومتی کمیٹی کا کہنا تھا کہ احد چیمہ نیب کی حراست میں رہے،کرپشن کے الزامات ہیں، جس پر نیب کیس ہو اسے کس طرح وزیراعلیٰ بنادیں؟ جبکہ اپوزیشن اراکین نے کہا کہ نوید چیمہ کا نام آپ کو نہیں دینا چاہیے تھا،یہ نام پہلے لسٹ میں نہیں تھا۔ذرائع کے مطابق دو نام مسترد ہونے کے بعد محسن نقوی اور نوید چیمہ میں سے ایک کو نگران وزیراعلیٰ منتخب کرنے کا قوی امکان ہے اور اس سلسلے میں گورنر پنجاب آج رات 10 بجے کے بعد الیکشن کمیشن کو مراسلہ لکھیں گے۔دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور چوہدری شجاعت حسین کے ’منظور نظر ‘نجی ٹی وی چینل کے مالک محسن نقوی کے نگران وزیراعلیٰ مقرر ہونے کے قوی امکانات ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے بعض اہم ذمہ داران نے پارٹی چیئرمین عمران خان کو محسن نقوی کے نام پر قائل کر لیا ہے ۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/725-1200x480.jpg)