اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات’رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم(آر ایم ایس )‘کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات آر ایم ایس کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے آر ایم ایس کو موڈیفائی کروانا شروع کر دیا ہے۔کمپنی آر ایم ایس کو موڈیفائی کر کے 2 ماہ میں الیکشن کمیشن کے حوالے کرے گی اور آر ایم ایس ضمنی انتخابات میں تجربہ کیے بغیر کسی بھی انتخابات میں استعمال نہیں کیا جائے گا۔صوبوں کے انتخابات پرانے آر ایم ایس پر ہی کروائے جائیں گے اور الیکشن کمیشن کا عام انتخابات سے قبل پرانے آر ایم ایس کی ریہرسل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انتخابات سے قبل پرانے آر ایم ایس پر ایک دن کی موک ایکسرسائز بھی کی جائے گی جبکہ الیکشن کمیشن نے ملازمین کو آر ایم ایس کے استعمال کی ٹریننگ کا آغاز کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی رو سے انتخابات کے نتائج کے بروقت حصول کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے اشتراک سے’رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم(آر ایم ایس )‘نظام متعارف کروایا گیا تھا جس میں انتخابی نتائج کے بروقت حصول،شفافیت اور سکیورٹی کے پہلووں کو مدنظر رکھا گیا تھا۔الیکشن کمیشن کے مطابق رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم ایک کمپیوٹر پروگرام ہے جس کی انسٹالیشن ریٹرننگ آفسر کے دفتر میں رکھے کمپیوٹر میں کی جاتی۔یہ الیکٹرانک فارمز پر کام کرنے والا سسٹم ہے جس میں ریٹرننگ افسر کو رپورٹ کرنے والے ڈیٹا انٹری آپریٹرز تمام معلومات درج کر سکتے ہیں مثلاً امیدواروں کے نام،رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد،پولنگ سٹیشن کا نام اور نمبر،ہر امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد وغیرہ۔اس کے بعد ٹھوس نتائج کے فارم رزلٹ مینیجمنٹ سسٹم میں سکین کیے جاتے ہیں اور الیکش کمیشن جو بھیج دیے جاتے ہیں جو وہ اپنی ویب سائٹ پر شائع کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس)بظاہر ایک آسان اور تیز رفتار سہولت ہے جس کے مطابق پولنگ سٹیشنز پر تعینات پریزائڈنگ افسران ایک موبائل ایپلی کیشن میں انتخابی نتائج اور فارم 45 کی تصویر درج کرتے ہیں اور پھر یہ ڈیٹا الیکشن کمیشن کے سرور پر منتقل ہوجاتا ہے۔