لاہور(خصوصی رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے نجی ٹی وی چینل کے مالک اور معروف صحافی سید محسن رضا نقوی کا تقرر کر دیا ہے،محسن رضا نقوی کے نام پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا جبکہ انہیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری کا’فرنٹ مین‘بھی کہا جاتا ہے،ایک’ مخصوص فرقہ‘سے تعلق ہونے کی وجہ سے انہیں مذہبی حلقوں میں متنازعہ سمجھا جاتا ہے جبکہ دو سال قبل ان کے ٹی وی چینل پر انتہائی متنازعہ الفاظ نشر ہونے پر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جبکہ ن لیگ کی اتحادی جماعت مرکزی جمعیت اہلحدیث کے بعض رہنماوں نے محسن نقوی کے خلاف مقدمہ بھی درج کروایا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر ہونے والے نجی ٹی وی چینل کے مالک اور انتہائی کم عمری میں”مخصوص صلاحیتوں“کی بنیاد پر لوہا منوانے اور بہت سی کامیابیاں سمیٹنے والے سید محسن رضا نقوی لاہور سے تعلق رکھتے ہیں۔1978 کو لاہور میں پیدا ہونے والے محسن نقوی نے بتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی سکول سے حاصل کی جبکہ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکی ریاست میامی کی اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔تعلیم مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی پر انہیں حیران کن طور پر معروف امریکی نشریاتی ادارے’سی این این ‘کا ریجنل ہیڈ لگا دیا گیا،یہ وہ دور تھا جب امریکہ افغانستان میں اپنے پنجے گاڑ رہا تھا اور دنیا بھر میں اسامہ بن لادن اور ملا عمر کا طوطی گونج رہا تھا۔ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں محسن نقوی امریکیوں کے منظور نظر ہونے کی وجہ سے’سہولت کاری ‘کا فریضہ بھی سرانجام دیتے رہے ہیں۔ملک میں ہونے والی فرقہ وارانہ جنگ کی بھینٹ چڑھنے والے معروف پولیس آفیسر اشرف مارتھ جو رشتے میں چوہدری شجاعت حسین کے بہنوئی تھے کی صاحبزادی سے شادی کے بعد چوہدری برادران سے بھی ان کی بڑی قریبی رشتہ داری ہو گئی تھی جبکہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین کے خاصے’قریب‘ہونے کی بناء پر انہیں آصف زرداری کا فرنٹ مین بھی کہا جاتا ہے ۔، محسن نقوی کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے 4 بچے ہیں۔
سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پی ڈی ایم کی جانب سے محسن نقوی کا نام تجویز کئے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا برملا اظہار کیا تھا کہ ن لیگ نے آصف زرداری کے فرنٹ مین اور رجیم چینج کے مرکزی کردار کانام نگران وزیراعلیٰ کے لئے تجویز کیا ہے،عمران خان کا واضح اشارہ محسن نقوی کی جانب تھا۔محسن نقوی کے بارے میں یہ بات مشہور ہے اور ان کے ادارے میں اہم پوزیشنز پر کام کرنے والے ذمہ دار افراد اس بات کی نجی محفلوں میں تصدیق کرتے ہیں کہ ان کے چینل کے لئے فنڈنگ آصف زرداری اور ملک پاکستان میں فرقہ وارانہ معاملات میں ملوث ایک برادر ملک کرتا ہے تاہم انہوں نے اس الزام کی ہمیشہ تردید کی ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/Mohsin-Naqvi2-640x480.jpg)