اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)ملک میں بجلی کا بریک ڈاون بجلی کی پیداوارانتہائی کم ہونے کے باعث ہوا جس کا نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے سخت نوٹس لیے لیا ہے جبکہ انتہائی ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کا بڑا بریک ڈاون دراصل لا پرواہی کے باعث ہوا،پاور ہاوسز صبح 7 بجے چلائے تو انجینئر اور متعلقہ حکام نے لاپرواہی برتی جس کے باعث فریکوئنسی آوٹ ہوئی اور سسٹم بیٹھ گیا تھا،سسٹم میں 9 ہزار میگاواٹ بجلی کو نہیں سنبھالا جا سکا، بجلی کا بحران 2014 سے ابتک 9 ویں بار آیا جس سے پورا پاکستان بجلی سے محروم ہوگیا،تربیلا سے خرابی شروع ہوئی، گڈو اور تھرمل پاور سٹیشنز سے بھی مسئلہ خراب ہوا جبکہ تیل اور گیس بچانے کے لئے متعدد پاور پلانٹس بند تھے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں بریک ڈاون بجلی کی پیداوار انتہائی کم ہونے کے باعث ہوا کیونکہ آج صبح بجلی کی پیداوار 7 ہزار میگاواٹ سے بھی کم تھی اور بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ تک تھا۔پن بجلی کی پیداوار میں 90 فیصد کمی واقع ہوئی اور 12 سے زائد پاور پلانٹس فنی خرابیوں کے باعث بند ہیں جبکہ گڈو، جام شورو،مظفر گڑھ کے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں۔ 969 میگاواٹ نیلم جہلم منصوبہ 8 ماہ سے فنی خرابی کے باعث بند ہے اور نندی پور،حویلی بہادر شاہ،بھکی پاور پلانٹس 30 فیصد بجلی پیدا کررہے ہیں۔مذکورہ پاور پلانٹس کو ایندھن کی کمی کا سامنا ہے قائد اعظم سولر پلانٹ سے بجلی کی پیداوار نہ ہونے کے برابر ہے۔
اس سے قبل ترجمان کے الیکٹرک نے بجلی کی بندش پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج صبح 7:34 نیشنل گرڈ میں فریکوئینسی کم ہونے کے باعث متعدد شہروں کو بجلی فراہمی متاثر ہوئی تاہم کے الیکٹرک کا نیٹ ورک محفوظ اور فعال ہے،ہمارا عملہ صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے اور بحالی کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔
کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حکام کے مطابق گڈو سے کوئٹہ آنے والی بجلی کی دونوں ٹرانسمیشن لائنیں ٹرپ کرگئی ہیں،فنی خرابی سے متعلق معلومات لی جارہی ہے۔لاہو رمیں مال روڈ اور کینال روڈ سمیت مختلف علاقو ں میں بجلی معطل ہے جبکہ لاہور ہی میں گلبرگ،فیصل ٹاون،جوہر ٹاون،ماڈل ٹاون،ٹھوکر نیاز بیگ،شادمان،باغبان پورہ، حسن ٹاون،اعوان ٹاون،اقبال ٹاون میں بھی صبح سئے بجلی بند ہو گئی ہے۔بجلی بریک ڈاون کے باعث لاہور میں اورنج لائن ٹرین کا پہیہ بھی رک گیا ہے،انتظامیہ میٹرو ٹرین کے مطابق بجلی آئے گی تو ہی میٹرو ٹرین چل سکے گی،بجلی کے بغیر اورنج لائن ٹرین نہیں چل سکتی۔وزارت توانائی کی جانب سے بجلی معطل ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے،وزارت کے مطابق نیشنل گرڈ میں فریکونسی کم ہوئی جس سے بجلی کے نظم میں وسیع بریک ڈاون ہوا ہے،سسٹم کی بحالی پر تیزی سے کام جاری ہے،گزشتہ ایک گھنٹے کے دوران اسلام آباد اور پشاور کے کچھ گرڈ سٹیشنز کو بحال کر دیا گیا ہے۔دوسری طرف نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا) نے ملک میں ہونے والے بلیک آوٹ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔