اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)الیکشن کمیشن کی جانب سے نجی ٹی وی کے مالک سید محسن رضا نقوی کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کئے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میدان میں آتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کھری کھری سنا دیں ہیں ۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے پی ٹی آئی کے بھیجے ناموں کی ساکھ اچھی نہیں تھی،الیکشن کمیشن نے آئینی طریقے سے وزیر اعلی کی تقرری کی،عمران خان اپنے ہی بیانیہ سے بیک آوٹ کر گئے،انہیں صرف اقتدار اور دولت کی ہوس ہے،عمران خان ایک فیل پراجیکٹ ہیں،پہلے استعفے دیے اور اب واپسی کیلئے تڑپ رہے ہیں،الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں،
محسن نقوی کی تقرری آئینی طریقے سے کی گئی،پی ٹی آئی نے ہمارے بھیجے گئے ناموں پر اعتراض کیا،خود انہوں نے ایک بیوروکریٹ کانام دیا تھا جس نے معذرت کرلی،محسن نقوی کے نام پراعتراض کرنابے بنیاد ہے،انہوں نے لیا گیا قرضہ واپس کردیا تھا،اگرمحسن نقوی نے کوئی غیرآئینی کام کیا توقطعی طور پراس کادفاع نہیں کریں گے۔
خواجہ محمد آصف نے محسن نقوی کی پرویز الٰہی سے رشتہ داری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رشتوں کے تقدس کا احترام کیا جانا چاہئے،پرویز الٰہی اس عمر میں تمام رشتہ داروں کیخلاف ہو گئے ہیں،محسن نقوی پرویز الٰہی کے ایک قسم کے داماد ہیں اور اس عمر میں رشتہ داروں کو سمیٹنا چاہئے ناکہ گالم گلوچ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کر کے استعفے دیے تھے،عمران خان اسمبلی کو سازش کی پیداوار کہتے تھے اور انہوں نے اسمبلی کے خلاف ہر قسم کی بد زبانی کی مگر اب اسمبلی آنے کیلئے تیار ہیں،جس الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے تھے آج اسی سے انصاف مانگ رہے اور اپیل کر رہے ہیں کہ ہمارے استعفے منظور نہ کریں۔
خواجہ آصف نے مشورہ دیا کہ عزت و آبرو کے ساتھ اپوزیشن کا کردار نبھانا چاہئے تھا،انہیں غلط فیصلوں کی قیمتیں ادا کرنی پڑ رہی ہے اور عمران خان آہستہ آہستہ مکمل ناکامی کی طرف جا رہے ہیں،عمران خان ایک فیل پراجیکٹ ہیں،جب بھی ایم این اے بنے استعفیٰ دیا اور ہر بار استعفیٰ دے کر واپس لیا،وہ الیکشن لڑیں گے اور پھر استعفیٰ دیں گے۔عمران خان کا ذہنی توازن خراب قرار دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے فیصلوں کی قیمت ان کے ایم این ایز ادا کر رہے ہیں،انہیں اقتدار اور دولت کی ہوس ہے،یہ شخص کسی کا نہیں،بس پیسے دکھاو موڈ بناو،عمران خان اپنے ہی بیانیہ سے بیک آوٹ کرگئے ہیں،اب ان کا بیانیہ تبدیل ہو کر ایک ہی ہو گیا ہے کہ اللہ کے واسطے مجھے واپس لے آو،عمران خان ملک میں تباہی کاملبہ چھوڑ کر گئے ہیں،ہم نے اقتدار سنبھالا تو بنیادیں بھی کھدی ہوئی تھیں۔