لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری پر ان کی اہلیہ حبا فواد کا ردعمل بھی سامنے آگیا، خاوند کے اغواءکی ایف آئی آر درج کرنے اور چیف جسٹس سے سوموٹو ایکشن لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک قومی رہنما کی ایسے گرفتاری ناقابل قبول ہے ۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے ڈاکٹر شیریں مزاری اور دیگر پارٹی رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تقریبا پونے چھے بجے فواد کو گھر سے سے گرفتار کیا، 8 سے 10 پولیس والے دروازہ کھول کر ہمارے گھرمیں داخل ہوئے اور کسی قسم کی دستاویز دکھائے بغیر فواد کو لے گئے،ہم اسے گرفتاری نہیں اغواءکہیں گے،امپورٹڈ حکومت جو کچھ کر رہی ہے یا جس نے بھی فواد کواٹھایا،ہمیں یہ تو بتائیں کہ انہیں کس قانون کے تحت گرفتارکیا گیا؟کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا،بس فواد کو 4 ڈالوں میں آنے والے بٹھا کر لے گئے اور ان کا فون بھی لے لیا گیا،ہمیں کچھ علم نہیں کہ فواد کو کہاں لے کرگئے ہیں؟پنجاب میں متعلقہ تھانوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں،یہ کیسا ملک ہے اور کیسا قانون ہے کہ ہم اپنے گھرمیں ہی محفوظ نہیں؟لوگ گھر میں گھسیں گے اور ہمیں اٹھا کرلے جائیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سی سی فوٹیج بھی موجود ہے،اگر آپ نے انہیں گرفتار ہی کرنا ہے تو قانونی طریقہ کار موجود ہے،یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ دس بارہ بندے لے کر کسی کے گھر میں گھس جائیں اور کچھ بتائے بغیر انہیں ویگو میں ڈالیں اور اٹھا کر چل پڑیں،گھر والوں کو پتا ہی نہیں ہے کہ آپ انہیں کہاں لے کر گئے ہیں؟ہمیں تو تین گھنٹے تک پتا ہی نہیں چلا کہ ان پر ایف آئی آر کس بات کی ہوئی ہے؟ان کو سی آئی اے نے اٹھایا ہے یا ایف آئی اے نے ؟کیونکہ یہاں تو پتا ہی نہیں چلتا کہ کس ادارے نے کب کس کو اٹھا لیا ہے؟میں میڈیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ انہوں نے بہت کوشش کی اور ایف آئی آر ڈھونڈ نکالی لیکن اس کے دو گھنٹے بعد بھی نہیں پتا تھا کہ فواد چوہدری کو کہاں رکھا گیا ہے؟جس طریقے سے فواد چوہدری کو گرفتار کیا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ فواد چوہدری کی گرفتاری پر سوموٹو ایکشن لیں ،وہ ایک قومی لیڈر ہیں،یہ گرفتاری نہیں اغواء ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پولیس نے گرفتار کیا گیا،پولیس کے مطابق فواد چوہدری کو ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے، انہیں اسلام آباد لے جایا جائے گا۔فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا ہے،ان پر مقدمہ سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر درج کیا گیا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/Hiba-Ch-640x480.jpg)