جہلم (سٹاف رپورٹر)پولیس نے جہلم میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے مرکزی رہنما فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے بھائی فراز چوہدری کو بھی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے،تحریک انصاف کے کارکنان نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف جہلم کے جی ٹی روڈ پر پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا،اس موقع پر احتجاج کرتے ہوئے ٹائر جلائے اور جی ٹی روڈ کو بند کر دیا۔تحریک انصاف کے کارکنوں نے فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف اور اپنے قائدین کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے فواد چوہدری کے بھائی اور پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکریٹری فراز چوہدری کو بھی احتجاج کے دوران گرفتار کیا۔گرفتاریوں اور لاٹھی چارج کے باوجود پی ٹی آئی کے قائدین نے جی ٹی روڈ کھولنے سے انکار کر دیا۔دوسری طرف تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں فواد چوہدری کے بھائی فراز چوہدری کو جہلم سے گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے جبکہ حالات کو کنٹرول کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے،تحریک انصاف کے کارکنوں میں پارٹی رہنماوں کی گرفتاری پر شدید غم و غصہ پایا جا رہاہے جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔