کراچی(سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا ہم نے حصہ نہ لیا تو الیکشن الیکشن نہیں کہلائے گا،اب سڑکوں پر جا کر بات ہو گی۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ہمراہ بہادرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ہوگئے،جو کامیاب نظر آرہے ہیں وہ بھی شرمندہ نظر آرہے ہیں،جو الیکشن میں شریک ہوئے تاریخ انہیں مجرم بھی ٹھہراسکتی ہے،سندھ حکومت نے مردم شماری کے تحت حلقہ بندیاں کیں،جس قانون کے تحت حلقہ بندیاں ہوئی وہ قانون واپس لے لیا گیا۔خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات بغیر حلقہ بندیوں کے ہوئے،حلقہ بندیاں ہی نہیں تو بلدیاتی انتخابات کی کوئی اہمیت نہیں،پہلے ہی کہا تھا کہ ہم نے حصہ نہ لیا تو الیکشن الیکشن نہیں کہلائے گا،ہمیں آئینی، قانونی جواز بتایا جائے،ان انتخابات کی سیاسی حیثیت کیا ہے،اس الیکشن کا ٹرن آوٹ 4 سے 5 پرسینٹ سے زیادہ نہیں تھا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے دن کراچی میں کوئی حلقہ بندیاں نہیں تھیں،جو لوگ رائے بناتے ہیں ہم ان کے پاس بھی جائے گے،ہم فروری کے پہلے ہفتے سے عوام میں جائیں گے،اب سڑکوں پر جا کر بات ہو گی،اس سے پہلے پہلے سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن دوبارہ حلقہ بندیوں کا آغاز کرے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/MQMP2-640x480.jpg)