عابد شیر علی نے فواد چوہدری کی گرفتاری کو قانونی قرار دے دیا

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری قانونی طریقے سے عمل میں آئی،انہیں کس نے اختیار دیا تھا کہ آئینی اداروں کو دھمکیاں دیں؟اداروں کو دھمکانے پر ہتھکڑی ضرور لگنی چاہیے،تحریک انصاف نے سسٹم کو ماسی ویہڑہ سمجھا ہوا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر عطاءاللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے عدلیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں نواز شریف کو اقامے کی بنیاد پر نکالا گیا،یہاں تو بیٹیاں’آف شور‘ نکل آتی ہیں،انہیں تو آپ نہیں نکالتے،ان کو آپ صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دے دیتے ہیں،یہاں پر دو،دو نکاح کر لئے جاتے ہیں،کوئی فتویٰ جاری نہیں ہوتا لیکن ہم پر توہین رسالت کے فتویٰ جاری کرا کے ہمارے وزراء پر گولیاں چلائی جاتی ہیں،ہمارے لوگوں کو منشیات کیسوں میں اندر کیا جاتا ہے،نہال ہاشمی،دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو کوئی بات نہ کرنے پر بھی ثاقب نثار اپنی ذاتی خفت کا نشانہ بناکران کو ڈس کوالیفائی کردیتا ہے،ہمارے لوگوں کو اسمبلیوں سے نکال دیا جاتا ہے،جاوید لطیف سے لیکر رانا ثناءاللہ تک سب پر جھوٹی ایف آئی آرز کاٹی جاتی ہیں اور اس وقت یہ مراثیوں کی طرح آ کر کہتے ہیں کہ ٹھیک ہو گیا ،یہ فواد چوہدری کو کس نے اختیار دیا ہے کہ ایک آزاد الیکشن کمیشن اور ہماری آرمڈ فورسز کے اوپر حملہ کرے؟کہتا ہے کہ جی ٹیلی فون آیا،ٹیلی فون آیا آپ کے باپ کا آیا تھا ان کو؟الیکشن کمیشن نے ایک آئینی طریقے دیئے گئے چھ ناموں میں سے ایک نام فائنل کیا،ہم نے کہا تھا کہ آپ پرویز الٰہی سے استعفیٰ لیں؟آپ استعفیٰ دیتے ہیں تو پھر پاکستان کا جو آئین اور قانون ہے اس پر عملدرآمد ہو گا،یہ کوئی بنی گالہ کی جاگیر نہیں ہے،جس کو این او سی دے گا ثاقب نثار؟یہ پاکستان کا آئین ہے،یہ پاکستان کے ریاستی ادارے ہیں،یہ 23کروڑ عوام کا ملک ہے،یہ فواد جیسے گدھے لوگوں کا ملک نہیں ہے ۔

عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ مجھے ہنسی آتی ہے کہ ایک طرف تو آپ اداروں کو للکارتے ہیں،پھر آپ کہتے ہیں کہ جی میڈیکل کرا دیں،ڈاکٹرز بھی کہتے ہیں کہ میڈیکل کرائے گا تو اس کے اندر سے گند ہی نکلنا ہے،پہلے وہ شہباز گل تھا،اس کا وہ سیل ٹھیک کیا،اب فواد کی باری آ گئی ہے،یہ صرف للکارتے ہیں،پرفارمنس ان کی زیرو،ملک کا ستیا ناس کیا،پی ٹی آئی سمیت تمام وہ لوگ جو یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی سیاسی اور ذاتی اَنا کی بھینٹ چڑھائیں گے ملک کو اور ریاست پاکستان کو،اب ان کی جیلوں میں جانے کی باری ہے،قانون سختی سے عمل پیرا ہو گا اس پر،فواد چوہدری جیسے جتنے بھی گندے انڈے ہیں،جو ریاست پاکستان پر جتھے کی صورت میں مسلح حملہ آور ہوں گے،ان کی عبرت ناک جگہ جیل ہو گی،فواد چوہدری کی قسمت میں اب زلالت ہے،آئین اور قانون کے مطابق انہیں ڈیل کیا جائے گا،اس میں کسی قسم کی سیاسی اور ذاتی رنجش نہیں ہے،صریحا قانونی معاملہ ہے اور قانونی طریقے سے اس پر اب عملدرآمد ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے ہنستے بستے پاکستان کو تباہ کردیا،پرویزالٰہی کو آپ نے ذبح کیا ہے ہم نے نہیں،خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں آپ نے تحلیل کیں ہم نے نہیں،
اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ان کی عادتیں بگڑی ہوئی ہیں،فواد چوہدری نے نہال ہاشمی جیسا جرم کیا، پرچہ کٹ گیا تو ایسا کیا ہوگیا،کون سی قیامت آگئی؟نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکالا گیا تھا۔انصاف کا معیار دہرا نہیں ہوسکتا،پنجاب اور کے پی حکومتیں آپ نے خود ختم کی ہیں،نگراں حکومت کیلئے مشاورت بھی کی گئی لیکن فیصلہ نہ ہو سکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں