لاہور (سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ق کے نو منتخب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ فواد چوہدری پہلے گرفتار ہو جاتا تو پنجاب اسمبلی نہ ٹوٹتی،پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو اسمبلی مت توڑو مگر میری ایک نہیں مانی گئی۔
مسلم لیگ ق کے مشاورتی اجلاس کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا ساڑھے 5 ماہ میں پانچ سال کا کام کیا،میں کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دیں،اب اسمبلی توڑ دی ہے دیکھو کیا حال ہے؟ایک سال اور کام کرتے تو یہاں ن لیگ کے کپڑے تک نہ ملتے،ن لیگ والے ملے جو کہتے تھے کہ شکر ہے اسمبلی ٹوٹی ورنہ ہماری سیاست ختم تھی۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا خان صاحب کے قریب موجود لوگوں نے ہی پارٹی کی جڑ کاٹی،عمران خان کے ارد گرد بیٹھنے والے چار پانچ لوگوں نے مروایا ہے،یہ جو آج پکڑا گیا ہے(فواد چوہدری) یہ پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام ہو جانا تھا، مونس الٰہی بھی فواد چودھری کو دوست سمجھتا ہے میں نے اس کو سمجھایا ہے، خان صاحب کے قریب جو لوگ ہیں انہوں نے پارٹی کی جڑ ہی کاٹ دی ہے،میں نے پی ٹی آئی والوں کو بہت سمجھایا کہ ابھی کام کرنے دو،چار پانچ لوگوں میں سے ایک پکڑا گیا ہے،پہلے پکڑا جاتا تو ہماری حکومت نہ جاتی،عمران خان کو کہا تھا کہ 25 مئی یاد ہے انہوں نے نہیں چھوڑنا،لاہور کے کام بند،محمود الرشید کے کام بند تھے،میاں اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہو رہے تھے، 21 ارب کے لاہور اور اسلم اقبال کے حلقے میں کام ہوئے،یہی لوگ کہہ رہے تھے کہ فوری اسمبلیاں توڑیں۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اللہ کے کرم اور عمران خان کے اعتماد سے وزارت اعلیٰ ملی،عمران خان اب بھی پاکستان کے مقبول ترین سیاسی لیڈر ہیں،ہمیشہ عمران خان کےساتھ رہیں گے،قائد اعظم کے بعد اتنا ایماندار لیڈر پاکستان میں نہیں آیا،اگلے الیکشن میں پی ٹی آئی کے شانہ بشانہ چلنا ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/CPE4-1-640x480.jpg)