اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان،شیخ رشید اور مراد سعید کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر اپنے قتل کی سازش رچانے اور دہشت گردوں کو پیسہ دینے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹا، گمراہ کن بیانیہ مردہ سیاست بچانے کی کوشش ہے،ان جھوٹے الزامات سے عمران خان حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خود دہشت گردوں کے حامی اور طرفدار رہے ہیں، جھوٹا، گمراہ کن بیانیہ مردہ سیاست بچانے کی کوشش ہے۔ جھوٹے الزامات سے عمران خان حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، عمران کا آصف زرداری پر الزام قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری سے عمران خان کو کوئی خطرہ نہیں ہے ،صدر آصف علی زرداری کے دور میں ملک میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا ،قوم پنڈی کے شیطان کو بخوبی پہچانتی ہے ان کی گٹر زبان سے آگاہ ہے ، عمران خان شیخ رشید کے بیان کی آڑ میں زمان پارک میں چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے ،عمران خان آستین میں چھپے سانپوں سے ہوشیار رہے ،صدر آصف علی زرداری نے سیاست میں صبر، برداشت اور در گزر کرنے کے اصول متعارف کرائے ،شیخ رشید جیسے سازشی عناصر کی سیاست بے نقاب ہو چکی ہے ،آصف علی زرداری کے خلاف شیخ رشید کی الزام تراشی بلیک میلنگ کا ہتھکنڈا ہے ۔پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رہنما سینیٹر پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ ایک شخص بند کمرے میں بیٹھ کر ملک کے اداروں پر حملے اور ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے،
خیال رہے کہ آج ویڈیو کانفرنس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے قتل کرنے کا پلان سی بنا ہے اور آصف زرداری اس کے پیچھے ہیں، آصف زرداری نے ایک دہشتگرد تنظیم کو پیسہ دیا ہے،سندھ حکومت کا لوٹا ہوا پیسہ میرے خلاف استعمال کیا جا رہاہے،آصف زرداری اس کے پیچھے ہے، قوم کو بتارہوں کہ جو نام میں نے دیے ہیں آصف زرداری کے علاوہ وہ نام بھی آنے ہیں، مجھے کچھ ہوا تو ساری قوم کو پتا ہونا چاہیے کہ کن لوگوں نے یہ کرایا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/01/327590769_885450092571095_3434435768545970844_n-1200x480.jpg)