لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری پر لگائے گئے الزامات پر معروف صحافی اور اینکر عمران ریاض خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری والے اس معاملے کا عمران خان کو 48 گھنٹے پہلے پتا چلا تھا اور انہوں نے اپنے دوستوں سے بھی اس بارے میں بات کی تھی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران ریاض خان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری پر اس سے پہلے بھی الزامات لگتے رہے ہیں، ان پر ان کی اہلیہ بے نظیر بھٹو کے قتل کا بھی الزام تھا کہ وہ اس میں سہولت کار تھے، کتنے لوگوں اور سیاستدانوں کو وہ اس پر عدالت پر لے کر گئے؟ اصل میں جب اسٹیبلشمنٹ آپ کے خلاف ہوجاتی ہے تو سب کو بولنا آجاتا ہے کہ اس کے خلاف کیس کرو کیونکہ سارا نظام اس کے خلاف ہے، تو یہاں ہم کامیابی حاصل کر لیں گے۔
عمران ریاض نے دعوی کیا کہ آصف علی زرداری والے اس معاملے کا عمران خان کو 48 گھنٹے پہلے پتا چلا تھا، انہیں یہ اندر کی خبر آئی تھی جس کے بارے میں انہوں نے اپنے ساتھیوں سے بات بھی کی تھی،جس کے بعد انہوں نے کاونٹر چیک کیا اور مناسب سمجھا کہ اب میں یہ بتاوں تو ہی انہوں نے بتایا، عمران خان پاکستان کا واحد لیڈر ہے جس نے بتایا کہ مجھے ماراجائے گا، اس نے بتایا کہ مذہبی جنونی شخص میرے پر گولیاں چلائے گا اور اس منصوبے کو مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی جائے گی، یہ بھی بتایا کہ اس کے قتل کی سازش تیار ہو چکی ہے اور وہ سارا کچھ ویسے ہی ہوا جیسے اس نے بتایا تھا اور اگر وہ ایک بار پہلے اپنے قتل کی سازش بے نقاب کرچکا ہے تو اب ہمارے پاس کوئی وجہ نہیں ہے کہ ہم اس کی بات نہ مانیں۔