نسلی امتیاز اور اسلاموفوبیا کے باعث مغرب داغ دار ہو چکا ،قرآن سے وابستہ رہنے میں ہی امت کی بقا ہے:ابرار الرحمن طلحہ

بہاولنگر ( سٹاف رپورٹر) اتحاد امت اور قرآن سے وابستہ رہنے میں ہی بقاء ہے،سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے واقعات مسلم امہ کے لئے سوالیہ نشان ہیں،غیرت اور حمیت کو اجاگر کرنے اور اپنی الہامی آخری کتاب کے تحفظ کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار میونسپل کمیٹی بہاولنگر کے ہال میں اتحاد امت کے زیر اہتمام”پیغام پاکستان سمینار“میں مرکزی مسلم لیگ کے رہنما حافظ ابرار الرحمن طلحہ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے عرفان احمد، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مفتی عبد الخالق مہار،جمعیت علماءاسلام( س)کے حافظ عطاء الرحمن قریشی،تحریک لبیک کے پروفیسر طاہر مرتضی،اقلیت رہنما و سابق کونسلر ساجن بھاٹیا،عبدالوکیل و دیگر نے خطاب کیا۔حافظ ابرار الرحمن طلحہ نے کہا کہ گستاخ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے،مسلمان قوم کی کامیابی اور دشمن پر کاری ضرب قرآن مجید سے وابستہ رہنے میں ہے۔


ملک ابرار الرحمن کھوکھر نے کہا کہ مغرب نسلی امتیاز اور اسلاموفوبیا کے باعث داغ دار ہو چکا،کسی کو حق نہیں کہ وہ ہمارے شعار اور مقدس کتاب کی بیحرمتی کرے،آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کو مسلمانوں کے مقدسات کی گستاخی کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا مرکزی مسلم لیگ لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے،بہاولنگر کو مایوس کرنے والے مزید کسی کو دھوکا نہیں دے سکتے۔دیگر مقررین نے بھی سویڈن اور ہالینڈ کی حکومتوں سے احتجاج اور مسلم امہ کی بیداری کی طرف توجہ دلائی۔پیغام پاکستان سیمنار میں تمام مسالک کے علماء کرام،نمائندگان نے بھرپور شرکت کی،

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں