نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور پولیس لائن کی مرکزی جامع مسجد پر ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجدپر حملہ انتہائی قابل نفرت اقدام ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے پشاور میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے بریفنگ کے دوران مذمتی بیان پڑھ کر سنایا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ مسجد پر اس طرح کا حملہ انتہائی قابل نفرت اقدام ہے،مذہب، عقیدے کی آزادی اور پرامن عبادت گزاری بنیادی انسانی حق ہیں، اقوام متحدہ دہشت گردی، پرتشدد واقعات اور انتہا پسندی سے نمٹنے میں پاکستانی حکومت، عوام کے ساتھ ہے۔سیکرٹری جنرل نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہےاورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے سے شہادتوں کی تعداد 83 جبکہ زخمیوں کی تعداد 165 ہو گئی ہے۔