راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے سانحہ پولیس لائن پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں سکیورٹی صورتحال اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیس آپریشن جاری ہیں، آپریشن میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے۔ اجلاس میں شرکاء نے شہداء پشاور کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشت گردوں کو مثالی سزا دی جائے گی۔کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات قوم کے عزم کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، دہشت گردوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی اور کسی بھی دہشت گرد گروپ کو پنپنے نہیں دیں گے۔پاک فوج کے سربراہ
جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاءکو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کے لئے عظم کو تقویت ملتی ہے، لہٰذا تمام کمانڈرز انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھیں۔کانفرنس میں شرکاءکو موجودہ اور پیدا ہونے والے خطرات، مقبوضہ جموں اور کشمیر کی صورت حال اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ توڑنے کے لیے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔کانفرنس میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ کشمیر کی آبادی کو تبدیل کرنے کے بھارتی منصوبے کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ان کی مقامی آزادی کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی بنیادی حمایت کے لیے فوج کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔