”آپ نے ہمیں مرنے کے لئے رکھا ہے“نور عالم خان قومی اسمبلی میں برس پڑے


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے ”باغی“ رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے حکومت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں اتنا بڑا سانحہ ہو گیا اور یہ لوگ باتوں میں مصروف ہیں، آپ نے ہمیں مرنے کے لیے رکھا ہوا ہے؟فوری طور پر قومی سلامتی کا اجلاس بلایا جائے ،پچیس، تیس سال سے ہم کہہ رہے ہیں کہ دہشت گردی ہورہی ہے، مگر یہ کون کررہا ہے؟روزانہ خیبر پختونخوا کے لوگ شہید ہورہے ہیں لیکن سب یہاں گپ شپ لگا رہے ہیں۔
نورعالم خان نےسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقدہ قومی اسمبلی اجلاس میں سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں خیبرپختونخوانے دی ہیں ، ہمیں بتائیں، ہمارے ساتھ کیا کرنا ہے؟ پختون پاکستان سے محبت کرتے ہیں، شکوہ یہ ہے کہ پختون آپ کی پالیسیوں سے مرتے ہیں، چاہتے ہیں وزیراعظم ایوان میں آکر پالیسی بیان دیں۔انہوں نے اجلاس سے خطاب کے دوران استفسار کیا کہ افغانوں کا مسئلہ آپ نے حل کرنا ہے؟ انہیں کس نے کاروبار کرنے کی اجازت دی ہے؟ وزیر دفاع نے پالیسی بیان دیا مگر پیچھے گپ شپ چل رہی تھی،قومی اسمبلی میں ایسی تقریریں کرنے سے کوئی فائدہ نہیں،یہاں جو بات کرتا ہے وہ نہیں رہتا، روزانہ خیبر پختونخوا کے لوگ شہید ہورہے ہیں اوریہاں ارکان کی گپ شپ چل رہی ہے،کیا جب پنجاب یا لاہور میں کوئی واقعہ ہوگا تب یہ ممبران اسمبلی سنجیدہ ہونگے؟ریڈ زون میں افغانی آزادانہ گھوم رہے ہیں جبکہ پاکستانیوں سے پوچھاجاتا ہے، بتایا جائے حکومت اب ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتی ہے؟ کل دھماکے کے بعد میں پشاور پہنچا تو مجھے بھی روک کر شناختی کارڈ طلب کیا گیا حالانکہ میں سرکاری گاڑی میں تھا،شکوہ یہ ہے کہ آپ کی پالیسیوں سے پختون مرتے ہیں،پختون کلچرخوبصورت اور پرامن ہے مگر ایک مذموم مقصد کے تحت اسے ختم کردیا گیا، حکومت ہوش کے ناخن لیں اور پختونوں کی کردار کشی بند کرے۔انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے ڈالر 275 پر پہنچا دیا ہے جب کہ غریب دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکاروں کو سب سے کم تنخواہ دی جاتی ہے، اگرپولیس اہلکار شہید ہو جائے تو اہل خانہ کو صرف 10 لاکھ روپے دیئے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں