اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مبینہ بیٹی کو ظاہر نہ کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے نااہلی کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئےچیف جسٹس عامر فارووق کے کیس سننے پر اعتراض کر دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کے ذریعے عمران خان کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب میں سابق وزیر اعظم نے جسٹس عامر فاروق پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ نا اہلی کی درخواست نا قابل سماعت ہے،عمران خان رکن اسمبلی نہیں رہے،اسلام آباد ہائیکورٹ مبینہ بیٹی سے متعلق ڈیکلریشن کا جائزہ آئینی دائرہ اختیار میں نہیں لے سکتی،اس نوعیت کا معاملہ متعلقہ فورم پر قابل ہو سکتا ہے،چیف جسٹس عامر فاروق ماضی میں عمران خان کیخلاف اس نوعیت کا کیس سننے سے انکار کر چکے ہیں،یہ مسلمہ اصول ہے ایک بار جج کیس سے سننے سے انکار کر دے تو جج دوبارہ وہ کیس سنے غیر مناسب ہے،استدعا ہے کہ نا اہلی کی درخواست خارج کی جائے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے خلاف درخواست گزار ساجد محمود نے استدعا کر رکھی ہے کہ عدالت،کاغذاتِ نامزدگی میں جھوٹ بولنے پر عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62(ون) (ایف) کے تحت بطور رکن اسمبلی نا اہل قرار دے۔