بہاولپور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ہم عوام کو ریلیف دینا بھی چاہیں تو نہیں دے سکتے،عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف )سے کئے جانے والے معاہدے کی وجہ سے ہمارے ہاتھ بندھے ہیں،ملک ڈیفالٹ کی طرف بھی جا سکتا ہے،معیشت بحال ہونے میں کئی سال لگیں گے،لوگوں کو پتا ہے کہ آج مہنگائی ہے تو کس کی وجہ سے ہے؟آئی ایم ایف سے ہم نے نہیں عمران خان نے معاہدہ کیا تھا،جب انہیں پتا چلا کہ وہ جا رہے ہیں تو معاہدہ توڑ دیا،نواز شریف پاکستان واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں،آنے والے چند ہفتوں میں وہ پاکستان واپس آ جائیں گے،ن لیگ بیساکھیوں کا سہارا نہیں لے گی۔
بہاولپور میں لیگی رہنماوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ بہاولپور کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں،عوام نے بہت عزت سے نوازا،میں آپ تمام کی شکر گزار ہوں،بہاولپور کے تمام عہدیداران سے ملاقات ہوئی اور پارٹی تنظیم کے حوالے سے گفتگو ہوئی،عوامی رابطہ مہم ن لیگ کی قوت میں اضافہ کرے گی،مسلم لیگ ن کا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے،میں صحافی برادری کے ساتھ دل وجان سے کھڑی ہوں،مسلم لیگ ن آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن کچھ لوگوں نے صحافت کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے،
پاکستا ن تحریک انصاف(پی ٹی آئی)چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان انگلی پکڑ کر اقتدار کے مزے لیتے رہے،ہماری حکومت 28 نومبر کے بعد شروع ہوئی ہے،28 نومبر سے پہلے”لاڈلے“ کے سرپرست موجود تھے،ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے،جب سے واپس آئی ہوں ،عوام میں ہوں اور عوام میں ہی رہوں گی،الیکشن جب بھی ہو ہم نے آج سے تیاری شروع کردی ہے،ن لیگ پنجاب کے الیکشن جیتے گی،الیکشن سے جو ڈر رہے ہیں ،عوام کو سب نظر آ رہا ہے،جرائم سامنے آنے پر یہ لوگ باہر بھاگ رہے ہیں ،ڈرنے والوں کا ڈر نظر آ رہا ہے،چار سال گھڑی چور کی حکومت تھی اور وہ عوام میں نہیں جا سکتے تھے،عمران خان بیساکھیوں کا سہارا لے کر اقتدار تک پہنچے،میں اور ہماری حکومت انتقام پر یقین نہیں رکھتی،جنوبی پنجاب کے تمام مسائل حل کریں گے،انتقام اسے کہتے ہیں کہ پانامہ کا شور کرتے ہیں اور اقامہ پر نکال دیتے ہیں،مسلم لیگ ن کا اصولی موقف ہے اور ہمارا کسی سے کوئی جھگڑا نہیں ہے،جرائم سامنے آنے پر یہ لوگ بھاگ رہے ہیں،عمران خان انگلی پکڑ کر اقتدار کے مزے لیتے رہے،عمران خان نے اقتدار سے نکلتے ہی تنقید شروع کردی اور اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانیہ بنا لیا۔
خیبر پختونخوا میں ہونے والے خودکش حملے اور وفاق سے فنڈز نہ ملنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پشاور واقعہ بہت افسوس ناک ہے،پختونخوا میں گھڑی چور کی حکومت 10 سال تک رہی،انہوں نے دہشت گردوں کیلئے دروازے کھولے، انہیں ڈی این اے ٹیسٹنگ کیلئے پنجاب آنا پڑتا ہے،خیبرپختونخوا میں پولیس نہتی ہے،کاونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)کا دفتر دس سال سے کرائے کی بلڈنگ میں موجود ہے۔
شاہد خاقان عباسی کے استعفے پر بات کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ میرے فیملی ممبر اور بڑے بھائی ہیں،وہ نواز شریف اور پارٹی کے دیرینہ ساتھی ہیں، شاہد خاقان عباسی خود استعفے کے معاملے کو کلیئر کر چکے ہیں،مخالفین کو اس معاملے میں کوئی خوشی نہیں ملے گی،شاہد خاقان عباسی ایک باوفا اور بااصول آدمی ہیں،میں خود جاکر ان سے ملاقات کروں گی،میں شاہد خاقان عباسی سمیت اپنے سینئرز کی سرپرستی میں کام کروں گی۔