کابل(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پشاور دھماکے سے متعلق پاکستانی حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہم پر الزام نہ لگائے بلکہ اپنے اندر خرابی تلاش کرے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق غیر ملکی میڈیا سے گفتگو میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستانی حکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکے کی باریکی سے تحقیقات کریں،اپنا بوجھ ہم پر نہ ڈالیں، 20 برس جنگ لڑی لیکن ایسی کوئی خودکش جیکٹ نہیں دیکھی جو چھت اڑائے۔افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام افغانستان پر الزام نہ لگائیں اپنے اندر خرابی تلاش کریں،ہم مسئلہ ہوتے تو چین اور ایران میں بھی دہشتگردی ہوتی،دشمنی کے بیج نہ بوئیں بھائیوں والا رویہ رکھیں۔
یاد رہے کہ پشاور کی پولیس لائن مسجد میں مبینہ خودکش دھماکے کے بعد وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردی کی منصوبہ بندی پڑوسی ملک میں کئے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو ہمارے ایک ہمسایہ دوست ملک میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں،وہ وہاں بیٹھ کر پلاننگ کرتے اور یہاں آکر بڑے آرام سے کارروائی کر ڈالتے ہیں۔کارروائی کرنے کے بعد جب کبھی کالعدم ٹی ٹی پی کو محسوس ہوتا ہے کہ وہ یہاں محفوظ نہیں تو سرحد پار چلے جاتے ہیں جہاں انہیں سیفٹی حاصل ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ پیر کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش حملے کے دوران 100 سے زائد پولیس اہلکار شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔