عمران ریاض خان کو گرفتاری کے بعد کہاں رکھا گیا اور ان سے کیسے سلوک کیا جا رہا ہے؟اہم خبر آگئی


لاہور(کرائم رپورٹر)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن عمران ریاض خان کو حراست میں لے کر سائبر کرائم ونگ کے حوالے کردیا۔ عمران ریاض خان کو کل صبح عدالت میں 9 بجے ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے حراست میں عمران ریاض خان کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا ہے جبکہ گذشتہ رات سے لیکر اب تک انہیں سونے بھی نہیں دیا گیا ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ایف آئی اے نے عمران ریاض کو ایئر پورٹ سے حراست میں لینے کے بعد سائبر کرائم کے حوالے کردیا ہے اور اب ان کے خلاف سائبر کرائم ونگ میں درج مقدمہ میں عمران ریاض خان کی تقریر کا متن پیش کیا گیا جس میں عمران ریاض خان نے اداروں کے خلاف بات کی تھی،سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر باجوہ پر تنقید عمران ریاض پر مقدمہ کی وجہ بنی، مقدمہ لاہور میں 29 نومبر کو درج کیا گیا تھا۔وکیل میاں علی اشفاق کے مطابق عمران ریاض کو ایجنسی کے لاہور آفس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور ان کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ نے بھی اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔دوسری طرف لبرٹی چوک میں سینکڑوں افراد نے عمران ریاض خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ان کی رہائی کے ساتھ ساتھ حکومت کے خلاف بھی سخت نعرے بازی کی ،احتجاج میں تحریک انصاف کے ورکرز ،صحافیوں اور خواتین سمیت بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ،مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر عمران ریاض خان کی رہائی کے نعرے درج تھے ،اس موقع پر پولیس کی بھاری سیکیورٹی تعینات کی گئی تھی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ ایف آئی اے نے پولیس کی بھاری نفری ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے دفتر کے باہر طلب کرلی جبکہ عمران ریاض کو مقامی عدالت میں پیش کرنے کی تیاریاں بھی شروع ہوچکی ہیں ، عمران ریاض کے خلاف پہلے سے درج مقدمہ کے بارے بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے حکام نے عمران ریاض کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ گزشتہ رات 3 بج کر 35 پرایمریٹس ایئر لائن کی پرواز پر لاہور سے متحدہ عرب امارات جارہے تھے۔ عمران ریاض کو گرفتار اور انہیں آف لوڈ کرنے کے احکامات ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز سے موصول ہوئے تھے۔عمران ریاض کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے پوسٹ کی گئی ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’عمران ریاض خان کو ایف ا?ئی اے نے گرفتار کیا اور نامعلوم مقام پر لے گیے، ایئرپورٹ کے عملے نے وقوعہ پر عوام کو غلط اطلاع دی اور انہیں پچھلے دروازے سے لے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں