پشاور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کل سے خیبر پختونخوا میں مظاہروں کا اعلان کردیا۔سابق وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ جو میری والدہ کے ساتھ 2008 میں ہوا میں نہیں چاہتا کسی اور کی ماں کے ساتھ ایسا ہو ، کسی اور کا گھر ٹوٹے ،نہیں چاہتا کسی اور کے گھر سے جنازہ اٹھے،ہم کسی کی جنگ میں ایندھن نہیں بنیں گے،سیاسی وابستگی سے بالا تر امن کیلئے کال دے رہا ہوں، کل انشااللہ بعد از نماز جمعہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے لئے نکلیں گے، تمام شرکا کے ہاتھوں میں سفید جھنڈے ہونگے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے بعد نماز جمعہ کے بعد پر امن احتجاج کی کال دیتے ہوئے کہا کہ کل صوبے کے عوام اپنے امن کے لئے نکلیں گے۔مراد سعید کا کہنا تھا کہ2008 میں میری والدہ گولی لگنے سے مفلوج ہیں، وعدہ تھا کسی اور کی والدہ کے ساتھ ایسا نہ ہو، گھر تباہ نہ ہو، ہماری تو یہ خواہش ہے اور آپ اسکے بدلے کہتے ہو یہ باغی ہے؟ امن کے قیام کے لئے پختونخوا کے عوام سڑکوں پر نکلیں گے، کے پی پولیس کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ تمام جماعتوں سے اپیل ہے نظریہ بعد میں پہلے ہمارا امن ہے لہٰذا سفید پرچم لیکر عوام سڑکوں پر نکلیں۔مراد سعید کا کہنا تھا کہ 80 ہزار قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا امن کسی صورت تباہ نہیں ہونے دینگے اور نہ ہی دوبارہ کسی کی جنگ کا ایندھن بنیں گے، مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ ہمارے پولیس جوانوں کا خون خشک ہونے سے قبل پروپیگنڈہ کیا گیا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/328973297_1508275736370217_5358498083939812351_n-1200x480.jpg)