اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کی سیشن عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کی تحویل میں دے دیا۔دوسری طرف شیخ راشد شفیق کا کہنا ہے کہ پولیس نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے ،توہین عدالت پر درخواست دائر کریں گے ۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے8روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے شیخ رشید کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔دوسری طرف میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے کہا کہ عدالت کو حقائق سے آگاہ کیا گیا ہے، شیخ رشید اور عمران خان کے الزامات کی تحقیقات ہونی چاہئے، پولیس نے شیخ رشید کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا، پولیس نے شیخ رشید کے گھر میں لوٹ مار کی اور کو ہتھکڑیاں لگا کرعدالت میں پیش کیاگیا، ہم اسلام آبادہائی کورٹ میں فیصلہ چیلنج کریں گے، عدالت میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے، شیخ رشید کی زندگی کوخطرات لاحق ہیں، نگران حکومت اتنا ظلم کرے جتنا برداشت کرسکے۔خیال رہے کہ آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے بیان پر شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج ہے۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/329013143_1175903816647871_2950320193962150678_n-1200x480.jpg)