اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)وفاقی حکومت نے صڈر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد معروف قانون دان بیرسٹر شہزاد الٰہی کو اٹارنی جنرل پاکستان مقرر کردیا جبکہ وزارت قانون نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔ نئے اٹارنی جنرل شہزاد عطا الٰہی سابق صدر فضل الٰہی چوہدری کے پوتے ہیں اور وہ سخت محنت، دیانت اور قانونی پیچیدگیوں کو اچھی طرح سمجھنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔شہزاد عطا الٰہی نوجوان کارپوریٹ وکیل ہیں اور انہیں کمرشل، ٹیکس، بینکنگ، سول، کارپوریٹ اور آئینی معاملات پر تجربہ حاصل ہے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق وفاقی وزارت قانون اور انصاف سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 100 ون کے تحت شہزاد عطا الہٰی کو اٹارنی جنرل بنانے کی منظوری دی ہے،جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔وفاقی حکومت کی جانب سے شہزاد عطا الٰہی کو منصور عثمان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا ہے۔اس سے قبل ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بیرسٹر شہزاد عطا الٰہی کو منصور عثمان اعوان کے عہدہ نہ سنبھالنے کے باعث اٹارنی جنرل تعینات کیا گیا ، صدر مملکت نے اٹارنی جنرل تعینات کرنے کی منظوری آئین کے آرٹیکل 100 اور رولز آف بزنس کے تحت دی ہے۔یاد رہے کہ اشتر اوصاف نے صحت کی خرابی کے باعث 12 اکتوبر 2022 کو اٹارنی جنرل کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔بعد ازاں 24 دسمبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے ملک کے 37ویں پرنسپل لا افسر کے طور پر نامزدگی کی منظوری کے بعد لاہور سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکیل منصور عثمان اعوان کو پاکستان کا نیا اٹارنی جنرل مقرر کیا گیا تھا۔تاہم صدر کی جانب سے منظوری کے بعد کئی روز گزر جانے کے باوجود منصور اعوان کی بطور اٹارنی جنرل پاکستان تعیناتی کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری نہیں کیا گیا تھا جس کے باعث سپریم کورٹ کی جانب سے بھی نوٹس لیا گیا تھا۔
![](https://www.pakistantime.com.pk/wp-content/uploads/2023/02/328219023_1138573536852092_7366293953490990461_n-1200x480.jpg)