حکومتی آل پارٹیز کانفرنس،تحریک انصاف کا اہم فیصلہ سامنے آ گیا

لاہور(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کی جانب سے بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس(اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم پارٹی فیصلے کے برعکس تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لئے مظفر آباد سے پشاور پہنچ چکے ہیں ۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اورسابق وفاقی وزیر اسد عمر نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت کی جانب سے بلائی گئی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اے پی سی میں مدعو کر کے حکومت اب ڈھونگ رچا رہی ہے،حکومت یہ تاثر دینا چاہ رہی ہے کہ مل کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومتی وسائل کا رخ پکڑ دھکڑ کی طرف ہے،غداری کے مقدمے درج کر کے آئین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، ہمارے خلاف مقدمے درج کیے جارہے ہیں تو ان کے ساتھ کیسے بیٹھ سکتے ہیں؟۔

دوسری طرف مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ میں سازش اور ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے قوم پر مسلط کردہ اس امپورٹڈ سرکار کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا، 10 ماہ کے دوران اس حکومت کے ہاتھوں معیشت کی تباہی ہوئی،ننگی فسطائیت کے ذریعے جمہوریت کا قتل،قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کا خاتمہ کردیا گیا،دہشت گردی کو اپنی ناک تلے پھیلنے کی اجازت دیے جانے پر نگاہ ڈالتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ شہباز شریف اتنا بے شرم کیسے ہو سکتا ہے؟۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں