اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے انتخابات نہ لڑنے کے فیصلے پر حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) نے بھی یوٹرن لے لیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق اسے”کپتان “کی مقبولیت کا خوف کہیں یا اپنی شکست کا یقین،عمران خان نے 33 حلقوں سے ضمنی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تو حکومتی اتحاد پی ڈی ایم نے موقف اپنایا کہ عمران خان اکیلے ہی الیکشن لڑیں ،حکومتی اتحاد ضمنی انتخابات میں حصہ ہی نہیں لے گا،یاد رہے کہ اس سے قبل پورے ملک میں قومی اسمبلی کی آٹھ نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے سات سیٹوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا،اب عمران خان نے اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے حالیہ ضمنی الیکشن میں بطور امیدوار حصہ نہ لینے کا اعلان کیا تو اس کے ساتھ ہی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کا 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ بن گیا ہے۔سابق صدر آصف زرداری نے ضمنی انتخابات میں میدان خالی نہ چھوڑنے کی تجویزدی ہے جبکہ مولانا فضل الرحمان کو منانے اور انتخابات میں متفقہ امیدوار لانے کے لئے وزراء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ڈی ایم نے تمام حلقوں پر متفقہ امیدوار لانے کی تجاویز پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 16 مارچ کو شیڈول ضمنی انتخابات میں خود حصہ لینے کے بجائے سابقہ اراکین قومی اسمبلی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔