معروف ٹی وی اینکر وقار ذکاء کے برے دن شروع،کرپٹو کرنسی کیس میں مفرور قرار

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کی مقامی عدالت نے 8 کروڑ 60 لاکھ روپے کرپٹو کرنسی سکینڈل کیس میں مسلسل غیر حاضری کے باعث معروف ٹی وی میزبان وقار ذکا کو مفرور قرار دے دیا۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق کراچی شرقی کے جوڈیشل مجسٹریٹ مکیش کمار نے وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) کے تحقیقاتی افسر کو ہدایت جاری کیں کہ فوجداری ضابطہ اخلاق کی دفعہ 87 اور 88 کے تحت مفرور ملزم کی جائیداد کو ضبط کرنے کے لیے فوری کارروائی شروع کی جائے۔سماعت کے آغاز کے دوران وقار ذکا کے وکیل صلاح الدین نے تیسری درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے موکل کی غیر حاضری کو درگزر کیا جائے،ان کے موکل اہم کام کے سلسلے میں نیویارک چلے گئے ہیں اس لیے انہیں سماعت میں موقف پیش کرنے کے لیے وقت دیا جائے۔جس پر مجسٹریٹ نے ریمارکس دیے کہ اس سے قبل بھی کہا گیا تھا کہ وقار ذکا کی غیر حاضری کے بارے میں عدالت کو مطمئن کریں،وقار ذکا نے عدالت سے ضمانت لی نہ عدالت کے سامنے سرنڈر ہوئے۔عدالت نے وکیل کی تینوں درخواستوں کو بے بنیاد ہونے پر مسترد کر دیا اور وقار ذکا کو مفرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرفتاری کے خوف سے ملزم نامعلوم مقام پر چھپ گیا ہے،مستقبل قریب میں اس کی گرفتاری کی کوئی امید نہیں۔مجسٹریٹ نے تحقیقاتی افسر کو ہدایت جاری کیں کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 اور 88 کے تحت مفرور ملزم کی جائیداد کو ضبط کرنے کے لیے فوری کارروائی شروع کی جائے۔عدالت نے سماعت 2 مارچ تک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں